پشاور(مانند نیوز )مردان میں صمیم آرفن کئیر پاکستان کی جانب سے خواجہ سرا کمیونٹی میں فوڈ پیکجز تقسیم کیے گئے۔ اِس حوالے سے صمیم آرفن کئیر کے دفتر میں ایک تقریب کا انعقاد ہوا،جس میں صمیم آرفن کئیرپاکستان کے وائس چئیر مین سلمان شاہ بخاری اور خواجہ سرا کمیونٹی کی سربراہ نیناں اور علیشاہ سمیت خواجہ سرا کمیونٹی سے تعلق رکھنے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ سلمان شاہ بخاری نے پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواجہ سرا اس معاشرے کا حساس طبقہ ہے جو بہت سے مسائل میں گھرا ہوا ہے۔ اس نادار طبقے کا خیال رکھنا اور ان سے عزت کے ساتھ پیش آنا انکے حقوق میں شامل ہے۔ صمیم آرفن کئیر پاکستان خواجہ سرا کمیونٹی کی فلاح وبہبود کے لیے کوشاں ہے۔ جلد اس کمیونٹی کے لیے سکل ڈویلپمینٹ اور خود روزگار سکیم متعا رف کروا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ صمیم آرفن کئیر پاکستان اِس رمضان میں مردان کے مختلف علاقوں سمیت ملک بھر میں نادار اور سفید پوش خاندانوں میں راشن تقسیم کر رہا ہے۔ اِس راشن پیک میں آٹا، چاول،گھی،چینی، چائے، کھجوریں،دالیں اور دیگر اشیائے خودونوش شامل ہیں اور یہ تقسیم رمضان کے اوائل سے جاری ہے۔ انہوں نے کہا مہنگائی سے ملک بھر میں نادار اور سفید پوش طبقہ شدید متاثر ہوا ہے۔ صمیم آرفن کئیر پاکستان کے فوڈ پیکج تقسیم کا مقصد معاشرے کے محروم اور نادار طبقے کو بھی رمضان کی خوشیوں میں شریک کرنا ہے،اِن کا بوجھ کم کرنا ہے۔