اسلام آباد (مانند نیوز)وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ پاکستان کا اسٹاف لیول معاہدہ ہو گیا ہے، اس معاہدے میں تمام ٹیم کے ساتھ آرمی چیف کی بھی خدمات ہیں۔

وزیراعظم شہبازشریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی والدہ کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی اور دعائے مغفرت کی گئی۔

وزیراعظم نے گفتگو میں کہا کہ اللہ تعالیٰ آرمی چیف کی والدہ کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے۔

ان کا کہنا ہے کہ دن رات کی محنت اور ایک ٹیم ورک کے نتیجے میں کامیابی حاصل ہوئی، آئی ایم ایف معاہدوں سے متعلق اغیار کے اوچھے ہتھکنڈوں کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

دہشت گردی کا خاتمہ ہوگا تو سرمایہ کاری آئے گی، وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم نے کہا حکومت کی ان تھک محنت سے اتنی جلدی یہ ہدف حاصل ہوا، دہشت گردی اور منہگائی کے باوجود معاہدہ طے پانا حکومت کی سنجیدگی کا عکاس ہے۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم نے اس ہدف کے حصول میں بے پناہ قربانیاں دیں، معاہدہ طے پانے میں عام آدمی کا بھی انتہائی اہم کردار ہے، آئی ایم ایف کی ایم ڈی اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔

شہباز شریف نے اجلاس میں گفتگو میں کہا گزشتہ سال کے مقابلے آئی ایم ایف کا ہدف 9 ٹریلین روپے تھا، رواں سال یہ ہدف 12.9 ٹریلین روپے ہے، اس عرصے میں جو کام کیا گیا وہ لائق تحسین ہے، آئی ایم ایف نے جو ٹارگٹ مقرر کیا تھا وہ 10.2 تھا جبکہ ہم نے 10.6 حاصل کیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ آئی ایم ایف نے کہا کہ اس ہدف کو ہم کم کردیتے ہیں، میں نے منع کیا اور ہم مذاکرات اور بات چیت کے ذریعے اس ہدف کو 12.3 پر لے کر آئے۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ ٹیکس کی کلیکشن میں 26 فیصد اضافہ ہوا ہے، تنخواہ دار طبقے نے محصولات کی وصولی میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔

اجلاس میں گفتگو میں کہا عدالتوں میں جو کیسز زیر التوا ہیں وہ کھربوں روپے کے ہیں، اس پر کام تیزی سے شروع ہوچکا ہے، اس وقت 34 ارب روپے ری کور کیے جاچکے ہیں،گزشتہ روز میں نے ایف بی آر کے 2 گھنٹے لیے۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام میں 1.3بلین ڈالر آر ایس ایف کی مد میں بھی شامل کیے گئے ہیں، نائب وزیر اعظم، وزیر خزانہ اور دیگر متعلقہ وزرا اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

ان کا کہنا ہے کہ محصولات کی وصولی میں گزشتہ سال کی نسبت 26 فیصد اضافہ خوش آئند ہے، اس وقت محصولات کی وصولی کی شرح گزشتہ 4 سال کی بلند ترین سطح پر ہے، ایف بی آر میں ڈیجیٹائزیشن سے متعلق اقدامات تیزی سے جاری ہیں، گزشتہ سال کے مقابلے میں اب تک 12 ارب روپے اضافی وصول کیے جاچکے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا قرضوں کو ختم کرکے اپنے پاؤں پر خود کھڑا ہونا ہوگا، ملک کو معاشی استحکام کی منزل سے ہمکنار کر نا ایک لمبی جدوجہد ہے، انتھک محنت اور لگن سے کام کرتے رہے تو پاکستان ضرور ترقی کرے گا، یہ مشکل اور لمبی کوشش ضرور ہے، لیکن اس کے لیے ضروری ہے کہ امن قائم ہو۔

انہون نے بتایا کہ چینی کے سیکٹرکی نگرانی کا خود جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے، چینی کی سیلز ٹیکس کی چوری پر قابو پانے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں، فیس لیس انٹریکشن پر بھی کام ہورہا ہے۔

By Manend Team

Manend, a top Pakistani Media can be seen on, Facebook ,Youtube, Twitter etc. Manend Media provides News in Peshawar, Kohat, Bannu, DI Khan, Mardan, Hazara , Abattablad, Malakand, Pakistan , Pakhtunkhwa in Urdu and English and Pashto Language of Latest and Breaking Nature consisting of News, Education Opinion and Entertainment

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے