پشاور (مانند نیوز)گرلز ایجوکیشن لیڈرشپ نیٹ ورک“رائز اینڈ شائن”، بلیو وینز اور پاکستان ایجوکیشن چیمپیئن نیٹ ورک کے تعاون سے خیبر پختونخوا حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ لڑکیوں کی تعلیم کے لیے سنجیدہ اقدامات اٹھاتے ہوئے تعلیمی بجٹ میں اضافہ کرے اور لڑکیوں کو بجٹ سازی کے ابتدائی مرحلے میں شامل کرے۔اگرچہ وقتاً فوقتاً وعدے کیے گئے اور کچھ پیشرفت بھی ہوئی ہے، لیکن بجٹ میں کمی اور شفاف منصوبہ بندی کے فقدان کی وجہ سے صوبے میں لڑکیوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کی کوششیں شدید متاثر ہو رہی ہیں۔ کئی اسکولوں میں بنیادی ڈھانچے کی کمی، تربیت یافتہ اساتذہ کی قلت، تعلیمی مواد کی عدم دستیابی اور غیر محفوظ تعلیمی ماحول جیسے مسائل لڑکیوں کی تعلیم پر منفی اثر ڈال رہے ہیں، خصوصاً ثانوی سطح پر۔ ان مسائل کی وجہ سے اسکول چھوڑنے کی شرح میں اضافہ ہو رہا ہے اور شرح خواندگی میں صنفی تفاوت برقرار ہے۔پاکستان نے اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف (SDG-4) کے تحت اپنی تعلیم سے متعلق بین الاقوامی ذمہ داریوں میں یہ عزم کیا ہے کہ قومی پیداوار (GDP) کا کم از کم 4 فیصد تعلیم کے لیے مختص کیا جائے گا، لیکن بدقسمتی سے موجودہ بجٹ اس حد سے کافی کم ہے۔بلیو وینز کے پروگرام مینیجر اور ملالہ فنڈ ایجوکیشن چیمپیئن قمر نسیم نے کہا کہ تعلیم کے لیے بجٹ بنانا صرف ایک مالی معاملہ نہیں بلکہ ایک اخلاقی ذمہ داری ہے۔ جب لڑکیوں کو ان فیصلوں میں شامل نہیں کیا جاتا تو پالیسیاں اکثر حقیقی مسائل کا حل پیش نہیں کرتیں۔ لڑکیوں کو خود اپنے تجربات اور رکاوٹوں کا سب سے بہتر ادراک ہے، اس لیے ان کی شمولیت اختیاری نہیں بلکہ ضروری ہے۔نیٹ ورک نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ تعلیم کے بجٹ میں اضافہ کرتے ہوئے لڑکیوں کی تعلیم کے لیے خصوصی فنڈز مختص کیے جائیں جن میں محفوظ تعلیمی ادارے، آمد و رفت کی سہولیات، صنف حساس اساتذہ کی تربیت، وظائف، اور حفظان صحت کی سہولیات شامل ہوں۔ لیکن محض فنڈز کافی نہیں، بلکہ لڑکیوں کو فیصلہ سازی کے عمل میں باقاعدہ طور پر شامل کیا جانا چاہیے۔چائلڈ رائٹس موومنٹ کے رکن اور بچوں کے حقوق کے ماہر، جناب ظہور احمد نے کہا کہ ہمیں لڑکیوں کو اہم فریق تسلیم کرنا ہوگا۔ جب ہم حقوق کی بات کرتے ہیں تو ان کی آواز سننا بھی اتنا ہی ضروری ہے جتنا تعلیم، تحفظ اور بہتر مستقبل کا حق۔اس موقع پر ”رائز اینڈ شائن” نیٹ ورک کی محترمہ ماہم نفیس نے کہا کہ ہم کسی پر احسان نہیں مانگ رہے، بلکہ اپنا حق مانگ رہے ہیں۔ لڑکیوں کو ایک ایسا تعلیمی نظام چاہیے جو ان کی بات سنے، ان کے ساتھ منصوبہ بندی کرے، اور ان کے لیے کام کرے۔اس اتحاد کا مطالبہ ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت فوری اور عملی اقدامات اٹھائے، تعلیم کے مجموعی بجٹ میں اضافہ کرے، اور پاکستان کی بین الاقوامی ذمہ داریوں کے تحت بتدریج 4 فیصد ہدف کی جانب پیش قدمی کرے۔ اس میں لڑکیوں کی تعلیم کے لیے منصفانہ اور مخصوص حصہ مختص کیا جائے تاکہ دیرینہ مسائل جیسے تعلیمی رسائی، انفراسٹرکچر اور معیار میں صنفی عدم مساوات کا خاتمہ کیا جا سکے۔

By Manend Team

Manend, a top Pakistani Media can be seen on, Facebook ,Youtube, Twitter etc. Manend Media provides News in Peshawar, Kohat, Bannu, DI Khan, Mardan, Hazara , Abattablad, Malakand, Pakistan , Pakhtunkhwa in Urdu and English and Pashto Language of Latest and Breaking Nature consisting of News, Education Opinion and Entertainment

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے