کوہاٹ (مانند نیوز)وزیراعلیٰ خیبرپختونخواکے مشیر برائے صحت احتشام علی نے کہا ہے کہ کوہاٹ کی اسٹریٹیجک اہمیت کے پیشِ نظر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سردار علی امین گنڈاپور نے ڈویژنل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کوہاٹ کو اپ گریڈ کرنے کی منظوری دے دی ہے اور عنقریب اس میں کیپ لیب سمیت سی ٹی سکین، ایم آر آئی اور دیگر اہم مشینیں لگائی جائیں گی جس کیلئے ماہرین کی ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کی شام صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم ایڈوکیٹ اور رکن صوبائی اسمبلی داؤد شاہ آفریدی ایڈوکیٹ کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ مشیر صحت احتشام علی نے کہا کہ کوہاٹ ہسپتال کے اپ گریڈیشن سے پشاور کے ہسپتالوں پر کافی حد تک بوجھ کم ہو جائے گا کیونکہ کوہاٹ تمام جنوبی اضلاع کیلئے گیٹ وے کی حیثیت رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کوہاٹ کے تحصیل کی سطح پر بھی ہسپتالوں کو اپ گریڈ کرنے کا پروگرام ہے۔وزیر قانون آفتاب عالم ایڈوکیٹ نے کہا کہ ڈویژنل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کوہاٹ کے اپ گریڈیشن سے ایمرجنسی سہولیات میں بھی واضح بہتری آئے گی۔اس کے ساتھ ساتھ پولیس ہسپتال کو بھی فعال کیا جارہا ہے۔اسی طرح لیاقت میموریل ویمن اینڈ چلڈرن ہسپتال کوہاٹ کی زیر تعمیرعمارت پر بھی کام تیز کیا جارہا ہے اور بھرپور کوشش ہے کہ اسے وقت سے پہلے پہلے مکمل کیا جائے۔انہوں نے کوہاٹ کے ہسپتالوں کے اپ گریڈیشن میں دلچسپی لینے پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور اور مشیر صحت احتشام علی کا شکریہ ادا کیا۔داؤد آفریدی ایم پی اے نے کہا کہ کیپ لیب پر 68 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔اسی طرح ہسپتال میں کیپ لیب، ایم آر آئی، سی ٹی سکین اور دیگر مشینوں کی تنصیب سے طبی سہولیات میں بہتری آئے گی اور ریفر ٹو پشاور کا مسئلہ مستقبل بنیادوں پر حل ہو جائے گا۔