کوہاٹ (مانند نیوز)کوہاٹ کمشنر کوہاٹ ڈویژن سید معتصم بااللہ شاہ نے چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ کی ہدایات کی روشنی میں علی الصبح گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری اسکول کمپری ہینسیو کوہاٹ اور گورنمنٹ ہائی سکول نمبر 2کوہاٹ کااچانک دورہ کیا جہاں انہوں نے آج سے شروع ہونے والے نہم اور دہم کے امتحانی مراکز کادورہ کیا۔امتحانی عملے کے علاوہ طلباء سے بھی ملے۔واضح رہے کہ صوبائی حکومت کے احکامات کے روشنی میں پرائیویٹ سکولوں کے بچے بھی سرکاری سکولوں میں امتحان دے رہے ہیں۔کمشنر کوہاٹ نے مین گیٹ پر باڈی سرچ کا نظام بہترین اور کیمروں کو فعال پایا تاہم امتحانی ہال میں روشنی کا نظام ناقص تھا جسے کمشنر کوہاٹ کی ہدایت پر موقع پر ہی ٹھیک کردیا گیا۔کمشنر کوہاٹ ڈویژن کی ہدایت پر ڈویژن کے پانچوں اضلاع میں متعلقہ ڈپٹی کمشنرز اپنے ماتحت انتظامی افسران کے ہمراہ مختلف امتحانی مراکز کے دورے کررہے ہیں۔معتصم بااللہ شاہ نے امتحانی مراکز کے مجموعی صورتحال کو اطمینان بخش قرار دیتے ہوئے متعلقہ اسکولوں کے انتظامیہ کو سختی سے ہدایت کی کہ اسکولوں خصوصاً امتحانی مراکز میں غیر متعلقہ افراد کسی صورت داخل نہ ہوں بصورت دیگر متعلقہ اسکول کا پرنسپل اس کا ذمہ دار ہو گا۔کمشنر کوہاٹ نے ہر صورت صاف اور شفاف امتحانات کے انعقاد کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔