جنوبی وزیرستان (مانند نیوز) جنوبی وزیرستان اپر کے علاقے اولڈ سرویکئی میں قائم گورنمنٹ ہائی اسکول میں اساتذہ کی سنگین کمی نے تعلیمی عمل کو شدید متاثر کیا ہے۔ اسکول میں منظور شدہ 18 تدریسی اسامیوں کے مقابلے میں صرف 8 اساتذہ تعینات ہیں، جس کی وجہ سے طلبہ کو پڑھائی میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔مقامی ذرائع کے مطابق، ایک جانب علاقہ بدامنی کی لپیٹ میں ہے، تو دوسری جانب محکمہ تعلیم کی غفلت اور عدم دلچسپی نے بچوں کے تعلیمی مستقبل کو مزید غیر یقینی بنا دیا ہے۔ والدین اور سماجی حلقوں نے اس صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اساتذہ کی کمی سے نہ صرف تعلیمی معیار متاثر ہوا ہے بلکہ بچوں کی اسکول میں دلچسپی بھی کم ہوتی جا رہی ہے۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ اگر اساتذہ کی کمی کا مسئلہ فوری طور پر حل نہ کیا گیا تو آنے والے وقت میں تعلیمی بحران مزید شدت اختیار کر سکتا ہے۔ انہوں نے حکومت سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ تعلیمی اداروں کو نظر انداز کرنے کی روش ترک کی جائے اور فوری طور پر اس اسکول میں اساتذہ کی تمام خالی اسامیاں پُر کی جائیں تاکہ بچوں کو بہتر تعلیمی ماحول میسر آ سکے اور ان کا مستقبل محفوظ بنایا جا سکے۔