جنوبی وزیرستان (مانند نیوز) قبائلی صحافیوں کی نمائندہ تنظیم قبائل یونین آف جرنلسٹس کے فعال اور سرگرم رکن صحافی انعام اللہ محسود کو گزشتہ شب ٹانک شہر میں واقع ان کی رہائش گاہ سے نامعلوم مسلح افراد نے اسلحے کی نوک پر اغوا کر لیا۔ یہ دلخراش واقعہ شب تقریباً گیارہ بجے پیش آیا، جب جدید اسلحے سے لیس نامعلوم افراد ایک منظم اور منصوبہ بند کارروائی کے تحت انعام اللہ محسود کو ان کے گھر سے زبردستی اپنے ہمراہ لے گئے اور کسی نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔عینی شاہدین کے مطابق اغواء کار نہایت تربیت یافتہ معلوم ہوتے تھے اور ان کی نقل و حرکت سے ایسا محسوس ہوتا تھا کہ وہ کسی منظم گروہ سے تعلق رکھتے ہیں۔ واقعے کے فوری بعد اہل خانہ میں شدید اضطراب کی کیفیت پیدا ہو گئی۔تھانہ ٹانک کے ایس ایچ او شیر افضل کے مطابق تاحال انعام اللہ محسود کی گمشدگی کے حوالے سے کوئی رسمی اطلاع یا رپورٹ موصول نہیں ہوئی، اور پولیس اس واقعے سے بیخبر دکھائی دیتی ہے۔صحافی کے چھوٹے بھائی انیس محسود نے اس افسوسناک واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ انعام اللہ گزشتہ شب سے لاپتہ ہیں اور ہمیں خدشہ ہے کہ انہیں مخصوص صحافتی یا سماجی سرگرمیوں کی بنیاد پر نشانہ بنایا گیا ہے۔اس واقعے پر قبائل یونین آف جرنلسٹس کے مرکزی صدر آوردین محسود نے شدید رنج و غم اور گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انعام اللہ محسود کی جان کو سنگین خطرات لاحق ہو چکے ہیں۔ انہوں نے ریجنل پولیس آفیسر (RPO) اور ضلعی پولیس افسر (DPO) ٹانک سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ وہ فی الفور صحافی کی بازیابی کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائیں اور مجرم عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے سخت اقدامات کریں۔

By Manend Team

Manend, a top Pakistani Media can be seen on, Facebook ,Youtube, Twitter etc. Manend Media provides News in Peshawar, Kohat, Bannu, DI Khan, Mardan, Hazara , Abattablad, Malakand, Pakistan , Pakhtunkhwa in Urdu and English and Pashto Language of Latest and Breaking Nature consisting of News, Education Opinion and Entertainment

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے