کوہاٹ (مانند نیوز) کمشنر کوہاٹ ڈویژن سید معتصم اللہ شاہ کی خصوصی ہدایت پر کوہاٹ ڈویژن کے اضلاع کوہاٹ، ہنگو، کرم، اورکزئی اور کرک کے ڈپٹی کمشنرز نے اپنے اپنے اضلاع کے آئمہ/علمائے کرام کیلئے پولیو کے خاتمے کے حوالے سے خصوصی نشستوں کا انعقاد کیا جس میں ماہرین اطفال نے بھی شرکت کی۔ ماہرین اطفال نے آئمہ/علمائے کرام کو پولیو کی بیماری کے مضمرات کے ساتھ ساتھ پولیو ویکسین کے فوائد کے بارے میں بھی تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ پولیو ایک موذی مرض ہے جو انسان کو ہمیشہ کیلئے معذور کردیتی ہے اس لئے ہر مہم میں اپنے بچوں کو انسداد پولیو کے 2 قطرے پلانا ضروری ہیں تاکہ انہیں مستقل معذوری سے بچایا جاسکے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان اور افغانستان کے علاوہ پوری دنیا سے پولیو کا خاتمہ ہوچکا ہے۔ پولیو کے مکمل خاتمے میں آئمہ/علمائے کرام کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔ آئمہ/علمائے کرام سے اپیل کی گئی کہ وہ جمعہ کے خطبات میں عوامی سطح پر پولیو کے بارے میں پائی جانے والی منفی تاثر کو زائل کرنے اور والدین کو اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے پر قائل کرنے کیلئے اپنا موثر کردار ادا کریں۔ اس موقع پر آئمہ/علمائے کرام نے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ بلاشبہ پولیو ایک موذی مرض ہے اور اس کا خاتمہ انتہائی ضروری ہے۔ ڈپٹی کمشنرز نے کہا کہ پولیو سمیت ہر قسم کی سماجی و معاشرتی برائیوں کے خاتمے میں منبر و محراب کا کردار مسلمہ ہے اور اس سلسلے میں ہمارے آئمہ و علمائے کرام کا موثر کردار کسی سے ڈھکا چھپا نہیں۔ انہوں نے اس اہم قومی ایشو میں تعاون کی یقین دہانی پر آئمہ/علمائے کرام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔