کوہاٹ (مانند نیوز)کوہاٹ ضلعی انتظامیہ کوہاٹ نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے پروگرام ”عوامی ایجنڈا“ کے تحت پیر کے روز ٹی ایم اے ہال میں نوجوان خواتین کیلئے پہلی یوتھ خواتین کھلی کچہری کا انعقاد کیا جو ڈپٹی کمشنر کوہاٹ عبدالاکرم کی سربراہی میں ایس آر ایس پی کے زیر اہتمام جرمن ادارہ جی آئی زیڈکے تعاون سے منعقد کی گئی۔مذکورہ کچہری کا مقصد نوجوان طالبات اور نوجوان خواتین کو ایک ایسا پلیٹ فارم مہیا کرنا تھا جہاں وہ کھل کر اپنے مسائل، تجاویز اور سفارشات ضلعی انتظامیہ کے سامنے پیش کر سکیں اور مقامی سطح پر فیصلہ سازی میں فعال کردار ادا کر سکیں۔کھلی کچہری میں ضلعی انتظامیہ کے افسران، خواتین اساتذہ، مختلف تعلیمی اداروں کی طالبات، خواتین رضاکاروں، نوجوان خواتین اور مقامی تنظیموں کی نمائندہ خواتین نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے خواتین کی شمولیت کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ کھلی کچہری خواتین کی آواز کو بلند کرنے اور ان کے مسائل کے حل کی جانب عملی قدم ہے۔ شرکاء نے خواتین کی تعلیم، ہنر سازی، کیریئر کونسلنگ، خواتین کیلئے کھیلوں کی سہولیات، مثبت سرگرمیوں، کھیلوں کے مقابلوں، دور داراز علاقوں سے کالجوں اور سکولوں کے ٹرانسپورٹ کی فراہمی، خواتین کیلئے مخصوص سرکاری نوکریوں میں شفافیت اور تحفظ، نجی تعلیمی اداروں میں خواتین اساتذہ کی ہراسمنٹ اور نوجوان خواتین کیلئے روزگار اور ہنر کے مواقع جیسے اہم امور پر گفتگو کی۔ ڈپٹی کمشنر نے یقین دہانی کروائی کہ تمام مسائل پر فوری توجہ دی جائے گی اور کئی امور پر موقع پر ہی متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کی گئیں۔ڈپٹی کمشنر نے اپنے خطاب میں کہا کہ نوجوان خواتین ہمارا روشن مستقبل ہیں۔ ان کی تعلیم، صلاحیت اور اعتماد میں اضافہ کئے بغیر ترقی کا تصور ممکن نہیں۔ ضلعی انتظامیہ خواتین کی ہر ممکن رہنمائی اور تعاون کیلئے ہمیشہ دستیاب ہے۔کھلی کچہری کا اختتام اس عزم کے ساتھ ہوا کہ خواتین کیلئے ایسے اجلاس باقاعدگی سے منعقد کئے جائیں گے تاکہ ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل ہوں اور انہیں مقامی سطح پر فیصلہ سازی میں مؤثر کردار ادا کرنے کا موقع ملے۔