وانا (مانند نیوز) جنوبی وزیرستان لوئر کی تحصیل برمل کے علاقے اعظم ورسک میں ایف سی چیک پوسٹ کے قریب زور دار بم دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں دو معصوم بچے موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، جبکہ ایک بچہ شدید زخمی ہوا۔ زخمی بچے کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال وانا منتقل کر دیا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ جاں بحق اور زخمی ہونے والے تینوں بچوں کا تعلق سلیمان خیل قبیلے سے ہے۔ مقامی افراد کے مطابق جنوبی وزیرستان لوئر میں حالیہ دنوں کے دوران دھماکوں کا سلسلہ تشویشناک حد تک بڑھ چکا ہے، جس نے علاقے میں خوف و ہراس کی فضا قائم کر دی ہے اور معمولاتِ زندگی مفلوج ہو کر رہ گئے ہیں۔واضح رہے کہ صرف دو روز قبل وانا کے مصروف رستم بازار میں بھی ایک ہولناک دھماکہ ہوا تھا، جس میں 11 افراد جاں بحق اور تقریباً 29 افراد زخمی ہوئے تھے۔ علاقہ مکینوں نے حکومت اور سیکیورٹی اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ علاقے میں قیامِ امن کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔