ہری پور (مانند نیوز)وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت عبدالکریم تورڈھیر نے منگل کے روز ضلع ہری پور کا ایک روزہ طویل دورہ کیا۔معاون خصوصی نے ضلع میں غازی صنعتی زون جاکر وہاں پر صنعتی سرگرمیوں کاجائزہ لیا۔وہ صنعتکاروں سے بھی ملے اور ان سے صنعتی زون میں درپیش مسائل کے حوالے سے معلومات حاصل کیں۔مقامی رکن صوبائی اسمبلی ملک عدیل اقبال،پاکستان تحریک انصاف کے دیگر کارکنان اور زون کے صنعتکار بھی اس موقع پر موجود تھے۔معاون خصوصی نے دورے کے دوران کلابٹ سمال انڈسٹریل اسٹیٹ کا بھی تفصیلی جائزہ لیا اور وہاں پر صنعتکاروں کے مسائل کے حوالے سے شناسائی حاصل کی۔انکے ہمراہ مقامی رکن قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی و دیگر ورکرز اور ایس آئی ڈی بی کے متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔غازی اکنامک زون دورے کے دوران معاون خصوصی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ زون میں رابطہ سڑک اور علیحدہ بجلی فیڈر کا مسئلہ درپیش ہے اور اس سلسلے میں مقامی ایم پی اے اور انتظامیہ سے اس بابت بات کی جائے گی اور انشاللہ یہ مسئلے جلد حل ہوں گے۔انھوں نے کہا کہ زون کے عارضی ملازمین کا مسئلہ بھی حل کرنے کی کوشش کریں گے جبکہ مقامی سطح پر چھوٹی صنعتوں کو اٹھانے کیلئے قوانین میں نرمی کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں گے اور اس ضمن میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سے خصوصی درخواست کی جائے گی۔انھوں نے کہا کہ غازی کے لوگوں نے غازی بروتھا منصوبے اور تربیلہ ڈیم کی قومی منصوبوں میں قربانیاں دیں ہیں اور یہاں کے لوگوں کا یہ حق ہے کہ انھیں سہولیات فراہم کی جائیں۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ زون میں 2 فارماسیوٹیکل کمپنیز کی 6 مہینے میں پروڈکشن شروع ہو جائے گی اور اس سے 100،100 لوگوں کو بلا واسطہ روزگار ملے گا۔ معاون خصوصی نے دورے کے دوران کلابٹ سمال انڈسٹریل اسٹیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ بستی 1976 میں قائم کی گئی ہے اور اس کی بحالی سے یہاں پر مقامی صنعتوں کو فروغ ملے گا انھوں نے کہا اس بستی کیلئے علیحدہ بجلی فیڈر بہت جلد فعال ہوگا۔معاون خصوصی نے کہا کہ یہاں پر صنعتیں لگانے سے مختلف انواع کے چھوٹے صنعتکار مستفید ہوں گے۔انھوں نے لوگوں سے کہا کہ وہ آئیں اور یہاں پر سرمایہ لگائیں جس سے لوگوں کو روزگار بھی ملے گا اور یہاں پر اقتصادی ترقی آئے گی۔انھوں نے کہا کہ صنعتوں کی بحالی عمران خان کا ویژن ہے اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور اس ویژن پر عمل پیرا ہیں۔