پشاور(مانند نیوز)صوبائی مشیر صحت احتشام علی ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ تعمیراتی شعبہ ہماری معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے، جس کے ساتھ درجنوں منسلک صنعتیں وابستہ ہیں۔ جب رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں ترقی ہوتی ہے تو اس کے اثرات دیگر شعبوں میں بھی مثبت طور پر نظر آتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مردان کے مقامی ہال میں دی رئیلٹرز ایسوسی ایشن مردان کی حلف برداری تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہو ئے کیا،تقریب سے مردان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری گروپ لیڈر اور مرکزی تنظیم تاجران صوبائی جنرل سیکرٹری ظاہر شاہ نے بھی خطاب کی،مشیر صحت نے دی رئیلٹرز ایسوسی ایشن مردان کے نومنتحب عہدیداران، صدر محمد فاروق خان،نائب صدر امیر عبید خلجی،جنرل سیکرٹری کاشف زمان داوڑ،جائنٹ سیکرٹری رخمان گل،ڈپٹی جنرل سیکرٹری عامر خان،فنانس سیکرٹری طاہر خان،انفارمیشن سیکرٹری یاسر درانی، چئیر مین عمیر خان اتوزئی، وائس چئیر مین وسیم عباس،ایگز یکٹو ممبر فدا محمد اور تمام ممبران کو مبارکباد دی، ظاہر شاہ نے کہا کہ پراپرٹی لین دین پر عائد ٹیکس کم کیا جائے تاکہ سرمایہ کاری کو فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹیکس میں اصلاحات سے نہ صرف ملکی و غیر ملکی سرمایہ کار متوجہ ہوں گے بلکہ اس سے تعمیراتی اور دیگر منسلک صنعتوں کو بھی فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ رئیل اسٹیٹ سیکٹر کے مسائل کا براہ راست اثر معیشت پر ہوتا ہے۔صوبائی مشیر صحت احتشام علی ایڈووکیٹ نے کہا کہ رئیل اسٹیٹ سیکٹر پاکستان کی معیشت کو تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ بجٹ میں رئیل اسٹیٹ اور ہاؤسنگ کے شعبے کیلئے خصو صی پیکیج تیار کیا جائیگا،خیبر پختو نخوا حکومت رئیل اسٹیٹ سیکٹر کی بحالی کے لیے کو شاں ہیں۔