ملاکنڈ (مانند نیوز)ضلع ملاکنڈ میں یوم تشکر کے حوالے سے خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ صوبے کے دیگر اضلاع کی طرح ضلع ملاکنڈ میں بھی یوم تشکر قومی جذبے اور جوش و خروش سے منایا گیا۔مرکزی تقریب ضلعی سیکرٹریٹ بٹ خیلہ میں ڈپٹی کمشنر ملاکنڈ حامد الرحمان کی سربراہی میں منعقد کی گئی اور ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔لائن ڈیپارٹمنٹس کے آفسران و اہلکاروں سمیت سکولوں کے طلباء نے تقریب میں شرکت کی اور پاکستان کے حق میں اور بھارتی جارحیت کے خلاف نعرے لگائیں گئے۔سیکرٹریٹ سے بائی پاس پل تک ریلی نکالی گئی اور آخر میں ملکی استحکام، ترقی، خوشحالی اور پاک فوج کی کامیابی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئی۔ تعلیمی اداروں میں بھی مختلف تقاریب کا اہتمام کیا گیا جس میں طلبہ کے لیے وطن سے محبت پر تقریری مقابلے منعقد کئے گیے۔ اس کے علاوہ تحصیل درگئی میں بھی یوم تشکر منایا گیا۔ اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر درگئی محمد شہباز خان کی نگرانی میں مختلف سرگرمیاں انجام دی گئی جس میں ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر درگئی وحید اللہ، ٹی ایم او درگئی اورنگزیب خان، دیگر دفتری و لیویز عملہ، میڈیا کے نمائندوں اور عوام الناس نے شرکت کی۔ لیوی پوسٹ درگئی میں پرچم کشائی کی گئی جس کو ادب و احترام کے ساتھ لہرایا گیا اور ایک منٹ خاموشی اختیار کی گئی۔ جبکہ ایک ریلی کا انعقاد کیا گیا جسمیں شرکاء نے پاکستانی پرچم اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد لکھا گیا تھا۔ ریلی میں پاکستان اور افواج پاکستان کے حق میں نعرے بازی کی گئی۔ اسسٹنٹ کمشنر درگئی محمد شہباز خان نے کہا کہ حالیہ بھارتی جارحیت کے تناظر میں پاکستان کی کامیاب دفاعی حکمتِ عملی، مسلح افواج کی جرات مندی، اور پاکستانی عوام کی مثالی یکجہتی و استقامت کے اعتراف میں آج یومِ تشکر کے طور پر منایا جا رہا ہے۔یہ دن افواجِ پاکستان کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے اورعوام کے جذبے، صبر اور وحدت کے اعتراف کے طور پر منایاجا رہا ہے۔ آخر میں پاکستان کی ترقی، بقاء اور سالمیت کیلئے خصوصی اجتماعی دعا کی گئی۔