وانا (مانند نیوز) نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ جنوبی وزیرستان لوئر کے کارکنان نے شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں حالیہ ڈرون حملے کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی۔ ریلی کا مقصد متاثرہ افراد سے یکجہتی کا اظہار اور پشتون علاقوں میں جاری پرتشدد کارروائیوں کے خاتمے کا مطالبہ تھا۔مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ڈرون حملوں کی شدید مذمت اور پشتون خطے میں خونریزی روکنے کے مطالبات درج تھے۔ مظاہرے کے دوران خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے کہا کہ مسلسل حملے نہ صرف قیمتی انسانی جانوں کا نقصان ہیں بلکہ قبائلی عوام کے اعتماد اور خطے کے امن کو بھی بری طرح متاثر کر رہے ہیں۔این ڈی ایم جنوبی وزیرستان لوئر کے ضلعی صدر بیت اللہ بیت نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹانک سے اغوا کیے گئے ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت جنوبی وزیرستان اپر عمران خان وزیر کی فوری بازیابی کا مطالبہ کرتے ہیں۔ اُن کا کہنا تھا، ہم نے گزشتہ دہائیوں میں بے شمار مشکلات کا سامنا کیا ہے۔ اب وقت آ گیا ہے کہ ریاست اور ادارے قبائلی عوام پر مزید ظلم و جبر بند کریں اور ہمارے ساتھ انصاف کا سلوک کیا جائے۔