وانا (مانند نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی وزیرستان لوئر کے ضلعی صدر امان اللہ وزیر نے کہا ہے کہ عوام اپنے حقوق کے لیے باہر نکلیں اور صوبہ خیبرپختونخوا کو بچانے کی مہم کو کامیاب بنانے کے لیے تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں ظالمانہ لوڈشیڈنگ، بجلی کے بھاری بلوں اور تاجروں پر غیر منصفانہ ٹیکسوں کے خلاف مؤثر آواز بلند کی جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کسانوں کا معاشی استحصال بند کیا جائے، کسان دشمن زرعی ٹیکس ختم کیے جائیں اور بلدیاتی اداروں کو ان کے واجب الادا فنڈز فوری طور پر جاری کیے جائیں۔ امان اللہ وزیر نے الزام عائد کیا کہ مردان میں مسجد کے سولر سسٹم میں 16 ارب روپے کی چینی چوری کی گئی ہے، جس کا فوری احتساب ہونا چاہیے۔ سرکاری ٹھیکوں میں مالی بیضابطگیاں، محکمہ صحت میں طبی آلات اور ادویات کی خریداری میں اربوں روپے کی کرپشن، اور تعلیمی اداروں میں بدعنوانی قابل مذمت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ خیبرپختونخوا کے 1648 اسکولوں میں بیت الخلاء جیسی بنیادی سہولیات موجود نہیں، جب کہ خیبرپختونخوا آئل اینڈ گیس، گبرال کالام ہائیڈرو پاور پراجیکٹ، اور بی آر ٹی منصوبے میں بھی اربوں روپے کی مالی بدعنوانیاں سامنے آئی ہیں۔ امان اللہ وزیر نے مزید کہا کہ کوہستان میں ایک ڈمپر ڈرائیور کے اکاؤنٹ میں ساڑھے چار سو ارب روپے کی مشکوک منتقلی اور سات سو ارب روپے کی کرپشن کی تحقیقات کی جائیں۔ خیبرپختونخوا کی بگڑتی ہوئی امن و امان کی صورتحال، جامعات کو درپیش مالی بحران، اور وائس چانسلر کی عدم تقرری جیسے سنگین مسائل فوری توجہ کے متقاضی ہیں۔ انہوں نے معدنی وسائل سے متعلق بل کو صوبے کے حقوق پر ڈاکا قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ بی آر ٹی منصوبے میں ہونے والی کرپشن کی شفاف تحقیقات کر کے حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں۔ اس سلسلے میں 26 مئی 2025 کو خیبرپختونخوا اسمبلی ہال کے سامنے احتجاجی مظاہرہ منعقد ہوگا، جس میں عوام سے بھرپور شرکت کی اپیل کی گئی ہے۔