کوہاٹ (مانند نیوز)چیئرمین ڈسٹرکٹ ڈیویلپمنٹ کمیٹی کوہاٹ و ممبر صوبائی اسمبلی شفیع جان نے ڈسٹرکٹ زکوٰۃ آفس کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ڈسٹرکٹ زکوٰۃ چیئرمین اور مختلف علاقوں کے چیئرمینز سے ملاقات کی. ان کا چیئرمینز کے ساتھ ملاقات کا مقصد زکوٰۃ کی تقسیم میں شفافیت، میرٹ اور مستحقین تک بروقت امداد پہنچانے کے امور کا جائزہ لینا تھا۔ اس موقع پر ضلعی زکوٰۃ چیئرمین نے ایم پی اے شفیع جان کو بریفنگ دی اور موجودہ نظام، فنڈز کی تقسیم، اور درپیش چیلنجز سے آگاہ کیا۔ ایم پی اے شفیع جان نے زکوٰۃ چیئرمینز سے ان کے متعلقہ علاقوں کی صورتحال دریافت کی اور ان پر واضح کیا کہ زکوٰۃ کی تقسیم میں کسی قسم کی کوتاہی یا اقرباء پروری برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ زکوٰۃ کا مقصد صرف اور صرف غریب، نادار اور مستحق افراد کی مدد کرنا ہے، اس لئے ہر چیئرمین پر لازم ہے کہ وہ مکمل دیانتداری کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں نبھائیں۔