پشاور(مانند نیوز )اسلامی جمعیت طلبہ خیبر پختونخوا کے ناظم اسفندیار عزت نے کہاہے کہ کسی بھی قوم کی ترقی کا راز اس کے نوجوانوں کی معیاری تعلیم و تربیت میں پوشیدہ ہوتا ہے،مگر بدقسمتی سے ہمارے عوامی نمائندگان کی توجہ صرف کرپشن اور اقربا پروری پر مرکوز ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے باڑہ پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ان کے ہمراہ پشاور ڈویژن کے ناظم ہشام ساجد،ضلع خیبر کے ناظم روح اللہ اور دیگر بھی شریک تھے۔ اسفندیار عزت نے کہا کہ خیبر پختونخوا بالخصوص قبائلی اضلاع میں شرحِ تعلیم تشویشناک حد تک کم ہے، اور بڑی تعداد میں بچے اسکولوں سے باہر ہیں۔انہوں نے علاقائی نمائندوں سے مطالبہ کیا کہ وہ ضلع خیبر کے نوجوانوں کو معیاری تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کو اپنی اولین ترجیح بنائیں۔انہوں نے اس امر پر بھی افسوس کا اظہار کیا کہ ضلع خیبر کو پشاور یونیورسٹی کے بجائے فاٹا یونیورسٹی سے منسلک کر دیا گیا ہے، جہاں تعلیمی معیار اور سہولیات کا شدید فقدان ہے۔ انضمام سے قبل ضلع خیبر کے طلبہ کو پشاور یونیورسٹی جیسی معیاری درسگاہ سے وابستگی حاصل تھی، مگر اب ان کے تعلیمی مستقبل کو نظرانداز کیا جا رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا تعلیمی نظام اب بھی پرانے روایتی سانچے میں جکڑا ہوا ہے، جس میں کسی قسم کی جدت یا اصلاحات دیکھنے میں نہیں آتیں۔اگر عوامی نمائندگان واقعی اپنے بچوں کے لیے بہتر مستقبل چاہتے ہیں تو انہیں تعلیم کے میدان میں عملی اقدامات کرنے ہوں گے۔اسفندیار عزت کا کہنا تھا کہ جو لوگ تبدیلی کے دعوے کے ساتھ ووٹ لے کر آئے، اگر وہ عوام کو ریلیف نہیں دے سکتے تو کم از کم جھوٹے وعدوں کا سلسلہ بند کریں۔اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ اسلامی جمعیت طلبہ کا باڑہ کا دورہ، تعلیمی شعور اجاگر کرنے اور عوامی نمائندوں کو ان کی ذمہ داریوں کا احساس دلانے کے لیے کیا جا رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ نے ہمیشہ امن و امان کے قیام اور طلبہ کے حقوق کے تحفظ کے لیے آواز بلند کی ہے، اور مختلف مواقع پر امن ریلیوں کا انعقاد بھی کیا ہے۔