وانا (مانند نیوز) جنوبی وزیرستان لوئر کے علاقہ شکئی بویا میں واقع گورنمنٹ پرائمری اسکول شاہ عجم کوٹ گزشتہ کئی برسوں سے بند پڑا ہے۔ تعلیمی سرگرمیوں کے بجائے اس عمارت کو مویشیوں کے باندھنے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے، جس کی وجہ سے علاقے کے سینکڑوں بچے زیورِ تعلیم سے محروم ہیں۔مقامی مکینوں کا کہنا ہے کہ اسکول عملاً غیر فعال ہے، نہ اس میں اساتذہ تعینات ہیں اور نہ ہی طلبہ کی آمدورفت دیکھنے کو ملتی ہے۔ تعلیمی ادارہ ایک بوسیدہ عمارت میں تبدیل ہو چکا ہے جہاں گائیں اور دیگر مویشی رکھے جاتے ہیں۔ اس صورتحال پر علاقے میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔مقامی آبادی نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر جنوبی وزیرستان لوئر، ڈپٹی کمشنر جنوبی وزیرستان لوئر ناصر خان، رکن قومی اسمبلی زبیر خان وزیر، رکن صوبائی اسمبلی عجب گل وزیر، اور ایجوکیشن سیکرٹری سے مطالبہ کیا ہے کہ اسکول کو فوری طور پر فعال بنایا جائے، اساتذہ کی تعیناتی عمل میں لائی جائے اور بچوں کو تعلیم کی سہولیات فراہم کی جائیں۔مکینوں کا کہنا ہے کہ اگر فوری طور پر اقدامات نہ کیے گئے تو آنے والی نسلیں بھی ناخواندگی کا شکار رہیں گی، جو کہ پورے علاقے کے لیے ایک المیہ ہوگا۔