پشاور( مانند نیوزا)گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول بغدادہ مردان کے پرنسپل اشرف علی نے کہا ہے کہ موسم گرما کی چھٹیوں میں طلبہ کو تعلیمی وبا مقصد سرگرمیوں میں مصروف رکھنا ایک اہم ترین ہدف ہے،اساتذہ اور والدین دونوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت تعطیلات کے دورانیے کو طلباء کے لیے مفید بنائیں۔ چھٹیوں میں طلبہ کی نگرانی نہ کی جائے تو ان کا منفی قسم کی تفریحی سرگرمیوں میں مصروف ہو جانے کا اندیشہ بھی رہتا ہے۔انہوں نے موسم گرما کی تعطیلات کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہا کہ اسکول میں بچوں کو جو کام گرمیوں کی چھٹیوں کے لیے دیاجاتا ہے اس کا مقصدطلباء کی ذہنی قابلیت کو پروان چڑھانا،طلباء کو فارغ اوقات میں مصروف رکھنا، طلباء کی خوشخطی میں بہتری لانا، بچوں کی تحریر میں روانی پیدا کرنا،ان میں احساس ذمہ داری اجاگر کرنا، سکول میں پڑھائے گئے اسباق کی دہرائی کاموقع دینا، اپنی نصابی کُتب کے علاوہ بھی معلومات حاصل کرنے کے مواقع فراہم کرنا، طلباء میں تجسس پیدا کرنااور بچوں کی خوداعتمادی میں اضافہ کرناہے۔انہوں نے سکول کے اساتذہ کو تاکید کرتے ہوئے کہا کہ طلباء کی ذہنی نشوونما اور علم میں اضافے کے لیے چھٹیوں کاکام بہت اہمیت کاحامل ہے۔ اس کے ذریعے اساتذہ اپنے پڑھائے ہوئے اسباق کاجائزہ لیتے ہیں۔ چھٹیوں کا کام تفویض کرتے ہوئے طلباء کی عمر اور وقت کو ملحوظ خاطر رکھنا بے حد ضروری ہے۔ چھٹیوں کاکام اتنا ہی دیا جائے جتنا بچے مناسب وقت میں بآسانی کرسکیں۔ چھٹیوں کے کام کی اہمیت اور افادیت سے کسی کو انکار نہیں ہے مگر یہ کام مخصوص انداز اور طریقہ سے دیاجائے اور اس کوچھٹیوں کے بعد دوبارہ جانچا بھی جائے توبچے کی تعلیمی نشوونما اور بہتری کے لیے بہت موثر ذریعہ ہے۔ اس سے بہت سے فوائد حاصل ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گرمیوں کی تعطیلات میں والدین بچوں کی تعلیمی کمزوریوں کو کم سے کم کرنے کے لیے موثر کردار ادا کر سکتے ہیں۔ اس حوالے سے بہتر منصوبہ بندی کے لیے والدین اساتذہ سے مل کر بچوں کی کمزوریوں کو جاننے کی کوشش ضرور کریں۔ کسی بھی مضمون یا صلاحیت میں کمزوری کے پیش نظر چیک لسٹ بنائی جا سکتی ہے کہ بچے کی چھٹیوں سے قبل صورتحال کیا ہے اور بعد میں رفتہ رفتہ کیا پوزیشن ہو گی۔ کمزوری کے پیش نظر سرگرمیاں ترتیب دی جائیں اور انہیں لاگو کرنے کے لیے نظام الاوقات مرتب کیا جائے۔