وانا (مانند نیوز) جنوبی وزیرستان لوئر کی تحصیل برمل کے علاقے منڈیکول میں منگل کے روز ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں مسلح افراد نے سیکورٹی فورسز کی بارودی مواد ناکارہ بنانے والی (بی ڈی) پارٹی پر بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا۔ حملے کے نتیجے میں تین سیکورٹی اہلکار جان بحق جبکہ تین زخمی ہوگئے۔ فائرنگ کی زد میں آ کر ایک پک اپ گاڑی میں سوار دو خواتین بھی موقع پر جاں بحق ہو گئیں جبکہ پانچ دیگر شہری، جن میں دو خواتین شامل ہیں، شدید زخمی ہوئے۔ پولیس رپورٹ کے مطابق اس حملے میں مجموعی طور پر پانچ افراد، تین سیکورٹی اہلکار اور دو خواتین موقع پر جان بحق ہوئے، جبکہ آٹھ افراد زخمی ہوئے جن میں سیکورٹی اہلکاروں کے ساتھ عام سویلین بھی شامل ہیں۔ ڈپٹی کمشنر جنوبی وزیرستان لوئر ناصر خان کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب بی ڈی پارٹی علاقے میں سڑک کو کلیئر کر رہی تھی۔ اسی دوران گھات لگائے مسلح افراد نے فائرنگ شروع کردی، جس میں تین سیکورٹی اہلکار جان بحق جبکہ تین زخمی ہوگئے تاہم ایک پک اپ گاڑی میں سوار شہری، جو خامرنگ سے وانا کی طرف جا رہے تھے، اچانک فائرنگ کی زد میں آگئے۔ جس میں دو خواتین موقع پر جان بحق جبکہ دو خواتین سمیت پانچ افراد زخمی ہوگئے، واقعے کے فوری بعد ریسکیو ٹیم اور مقامی افراد جائے وقوعہ پر پہنچے اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال وانا منتقل کیا گیا۔ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال وانا کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر جان محمد نے بتایا کہ ایک شدید زخمی کو حالت نازک ہونے کے باعث ڈیرہ اسماعیل خان ریفر کر دیا گیا ہے جبکہ باقی چار زخمیوں کو وانا ہسپتال میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ ڈپٹی کمشنر ناصر خان نے بتایا کہ پولیس نے حملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور علاقے میں سیکیورٹی کو مزید سخت کردی گئی۔ واقعے پر مقامی سیاسی و سماجی رہنماؤں نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ علاقے میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔