وانا (مانند نیوز) متحدہ سیاسی امن پاسون ضلع جنوبی وزیرستان لوئر کی جانب سے جاری کردہ ایک پریس ریلیز کے مطابق، آج ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں علاقے میں بڑھتی ہوئی بدامنی اور امن و امان کی مخدوش صورتحال پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔اجلاس میں شریک تمام شرکاء نے اس بات پر شدید تشویش کا اظہار کیا کہ ریاست اور سیکیورٹی ادارے امن و امان برقرار رکھنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں، اور عوام کا ان اداروں پر اعتماد تیزی سے ختم ہوتا جا رہا ہے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اتوار کے روز متحدہ سیاسی امن پاسون کی کور کمیٹی کا خصوصی اجلاس بلایا جائے گا، جس میں امن و امان کے حوالے سے عوامی مطالبات کو حتمی شکل دی جائے گی اور آئندہ کا متفقہ لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔متحدہ سیاسی امن پاسون نے ضلع جنوبی وزیرستان لوئر کے عوام، تمام سیاسی و سماجی تنظیموں، اور ہر مکتبہ فکر سے اپیل کی ہے کہ وہ اس حتمی فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے متحدہ سیاسی امن پاسون کا بھرپور ساتھ دیں، تاکہ علاقے میں مستقل اور پائیدار امن کے قیام کو ممکن بنایا جا سکے۔