وانا (مانند نیوز) حکومت نے 2022 میں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال وانا جنوبی وزیرستان لوئر کو پانچ سال کے لیے مرف کے حوالے کیا تھا، جس کے عوض مرف کو دو ارب 37 کروڑ 67 لاکھ 626 روپے فراہم کیے گئے۔ اس حساب سے مرف کو سالانہ 47 کروڑ 53 لاکھ 51 ہزار 125 روپے ادا کیے جاتے ہیں، جو بنیادی طور پر دواؤں اور اسٹاف کی تنخواہوں کی مد میں ہیں، جبکہ دیگر اخراجات کے لیے الگ سے رقم دی جاتی ہے۔ ابتدائی دو سالوں میں مرف نے کسی حد تک عوام کو ریلیف دینے کی کوشش کی اور کچھ بہتر خدمات فراہم بھی کیں، اگرچہ معاہدے کی تمام شرائط پوری نہ ہو سکیں۔ تاہم وقت کے ساتھ ساتھ وانا ہیڈکوارٹر ہسپتال کی صورتحال پہلے سے بھی زیادہ خراب ہوگئی۔ اس وقت مرف مریضوں کو کسی بھی شعبے میں مناسب سہولیات دینے میں مکمل طور پر ناکام ہے۔ مریض اپنے علاج کے اخراجات خود برداشت کرنے پر مجبور ہیں۔ صورتحال یہ ہے کہ ایمرجنسی میں روئی اور سرنج جیسی بنیادی اشیاء بھی دستیاب نہیں۔ جنوبی وزیرستان لوئر کے عوام کو ڈاکٹرز کے نسخے کے مطابق دوائیاں اور آپریشن کا سامان پرائیویٹ فارمیسی سے خریدنا پڑ رہا ہے، حالانکہ دوائیں فراہم کرنا اور ڈاکٹرز کی کمی کو پورا کرنا مرف کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ افسوس کی بات ہے کہ مرف اور اعلیٰ حکام کی عدم توجہی کے باعث عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ ہسپتال میں ڈاکٹرز کی شدید کمی ہے، جبکہ معاہدے کے مطابق تین سال گزرنے کے باوجود ایم آر آئی مشین، ایکسرے مشین اور واٹر فلٹر پلانٹ تک نصب نہیں کیے گئے۔ پینے کے صاف پانی کی سہولت بھی میسر نہیں۔ اس وقت جنوبی وزیرستان لوئر کا واحد ہیڈکوارٹر ہسپتال غیر فعال ہے۔ اس کے علاوہ شیخ فاطمہ ہسپتال شولام اور کمیونٹی ہیلتھ سنٹرز بھی بند پڑے ہیں اور ان کا کوئی پرسان حال نہیں۔ جنوبی وزیرستان لوئر کے عوام نے ایم این اے، ایم پی اے، ہیلتھ سیکریٹری، چیف سیکریٹری اور ڈپٹی کمشنر سمیت تمام اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال وانا، شیخ فاطمہ ہسپتال شولام، توئی خلہ ہسپتال اور کمیونٹی ہیلتھ سنٹرز کو فعال کرنے کے لیے اقدامات کریں اور معاہدے کے مطابق عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں۔

By Manend Team

Manend, a top Pakistani Media can be seen on, Facebook ,Youtube, Twitter etc. Manend Media provides News in Peshawar, Kohat, Bannu, DI Khan, Mardan, Hazara , Abattablad, Malakand, Pakistan , Pakhtunkhwa in Urdu and English and Pashto Language of Latest and Breaking Nature consisting of News, Education Opinion and Entertainment

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے