وانا (مانند نیوز ) جنوبی وزیرستان لوئر کی تحصیل برمل کے علاقے زم چن سے تعلق رکھنے والے ملک خان مالیک وزیر نے کہا ہے کہ راغزائی سے لے کر نیزی نرائی اور ملحقہ دیہات کے ہزاروں افراد تاحال صحت کی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔انہوں نے بتایا کہ تحصیل برمل کے علاقے زم چن، خامرنگ، نیزی نرائی، واغدالئی سمیت قریبی مقامات کے رہائشی معمولی بیماریوں کے علاج کے لیے بھی وانا جانے پر مجبور ہیں، جس پر انہیں ہزاروں روپے خرچ کرنا پڑتے ہیں۔ملک خان مالیک وزیر کا کہنا تھا کہ ان علاقوں میں بیسک ہیلتھ یونٹ کا قیام نہایت ضروری ہے تاکہ مقامی آبادی کو بنیادی طبی سہولیات ان کے اپنے علاقے میں دستیاب ہو سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم بھی اسی ملک کے شہری ہیں، ہمیں بھی وہی سہولتیں دی جائیں جو ملک کے دیگر اضلاع کے عوام کو حاصل ہیں۔انہوں نے ایم پی اے عجب گل وزیر، ایم این اے زبیر خان وزیر، صوبائی وزیر صحت اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈہ پور سے مطالبہ کیا ہے کہ تحصیل برمل کے علاقے زم چن میں فوری طور پر ایک بیسک ہیلتھ یونٹ کی منظوری دی جائے، تاکہ علاقے کے عوام کو علاج معالجے کے لیے درپیش مشکلات کا خاتمہ ہو اور ان کا دیرینہ مسئلہ حل ہو سکے۔