ایبٹ آباد(مانند نیوز)ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد، سرمد سلیم اکرم نے آج ڈپٹی کمشنر آفس میں دیودار کا پودا لگا کر ضلع بھر میں جنگلات کے تحفظ اور ماحولیاتی توازن کے قیام کے عزم کا اعادہ کیا.اس موقع پر ڈی ایف او گلیات ڈویژن تیمور خان، ایس ڈی او عثمان خان اور محکمہ جنگلات کی ٹیم بھی موجود تھی۔ ملاقات میں جنگلات کے تحفظ، غیر قانونی کٹائی کی روک تھام اور شجرکاری کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد نے جنگلات کی غیر قانونی کٹائی کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ:”جنگلات ہماری قدرتی متاع ہیں، ان کی حفاظت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔”انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ ماحولیاتی تحفظ، جنگلات کی بقاء اور شجرکاری کے فروغ کے لیے ہر ممکن عملی اقدامات کر رہی ہے، تاکہ آئندہ نسلوں کو ایک صحت مند اور سرسبز ماحول فراہم کیا جا سکے۔ضلعی انتظامیہ ایبٹ آباد عوام سے بھی اپیل کرتی ہے کہ وہ شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور جنگلات کے تحفظ میں اپنا کردار ادا کریں۔