جنوبی وزیرستان لوئر (مانند نیوز ) تکنیکی خرابی دور، پختونخوا ریڈیو وانا کی نشریات ڈیڑھ سال کے طویل عرصہ کے بعد دوبارہ بحال ہوگئی ، سامعین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، سیکریٹری انفارمیشن خیبرپختونخوا ڈاکٹر بختیار احمد کو خراج تحسین پیش کیا۔سیکریٹری محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ ڈاکٹر بختیار احمد کی ذاتی دلچسپی اور انتھک کوششوں کی بدولت پختونخوا ریڈیو ایف ایم 92 وانا، جنوبی وزیرستان لوئر کی نشریات تقریباً ڈیڑھ سال کی طویل خاموشی کے بعد دوبارہ بحال ہوگئی ہیں۔ تکنیکی خرابی دور ہونے کے بعد پختونخوا ریڈیو وانا کی آواز وزیرستان کے فضاؤں، گھنے جنگلات اور اُونچے اُونچے پہاڑوں میں دوبارہ گونجنی لگی۔جنوبی وزیرستان کی عوام اور بالخصوص سامعین نے پختونخوا ریڈیو وانا کی نشریات کی دوبارہ بحالی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے سیکریٹری اطلاعات و تعلقات عامہ خیبر پختونخوا ڈاکٹر بختیار احمد اور ڈائریکٹر جنرل انفارمیشن محمد عمران کا شکریہ ادا کیا ہے۔سامعین نے امید ظاہر کی ہے کہ صوبائی حکومت اور بالخصوص محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ پختونخوا ریڈیو وانا کی آواز کو مزید مؤثر بنانے اور ادارے کے باقی ماندہ مسائل کے حل کیلئے سنجیدہ اقدامات اٹھائیں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ پختونخوا ریڈیو وانا عوام اور حکومت کے درمیان پل کا کردار ادا کررہا ہے، ریڈیو بندش کی وجہ سے اہلیان وزیرستان حکومتی سرگرمیوں سے لاعلم تھے۔پختونخوا ریڈیو وانا کی نشریات کی بحالی پر سیکریٹری انفارمیشن ڈاکٹر بختیار احمد نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ کے عوامی ایجنڈا کے تحت پختونخوا ریڈیو نیٹورک کی مزید مضبوطی کیلئے محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ مؤثر حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ پختونخوا ریڈیو وانا کی دوبارہ فعالی سے وہاں کے عوام کو حکومت، ضلعی انتظامیہ اور دیگر حکومتی اداروں کی سرگرمیوں سے باخبر رہنے کا موقع ملے گا۔ڈاکٹر بختیار احمد نے یہ بھی کہا ہے کہ ضم اضلاع میں قائم ریڈیوز پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے تاکہ ریاستی بیانئے کو فروغ دینے اور ریاست مخالف پروپیگنڈے کا راستہ روکنے کو ممکن بنایا جاسکے۔ڈائریکٹر جنرل محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ محمد عمران نے بھی پختونخوا ریڈیو وانا کی نشریات کی بحالی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ صوبائی حکومت کی سرگرمیوں سے باخبر رہنے اور عوامی مسائل کے حل کیلئے پختونخوا ریڈیو نیٹورک کو جدید خطوط پر استوار کیا جارہے ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ ضم اضلاع میں قائم پختونخوا ریڈیوز کو مزید مستحکم بنایا جارہا ہے تاکہ وہاں کے عوام کی پسماندگی کو دور کرنے میں مدد مل سکے۔