ملاکنڈ (مانند نیوز)ڈپٹی کمشنر ملاکنڈ، محمد فیاض خان شیرپاؤ نے خیبر پختونخوا ڈسٹرکٹ سروس ڈیلیوری پروگرام کے تحت تحصیل بٹ خیلہ اور تھانہ میں واقع مختلف منشیات بحالی مراکز کا دورہ کیا، جن میں مدد سینٹر، دہ حق آواز، سہارا سینٹر اور منشیات بحالی مرکز تھانہ شامل ہیں۔ ڈپٹی کمشنر ملاکنڈ نے مراکز میں زیر علاج مریضوں کی بحالی کے عمل، علاج و معالجہ کی سہولیات، عملے کی حاضری، ادویات کی دستیابی، کھانے پینے کے معیار، رہائشی انتظامات اور مراکز میں درپیش مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا۔انہوں نے متعلقہ انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں کی بہتر نفسیاتی و سماجی بحالی کیلئے تربیت یافتہ عملے کی خدمات یقینی بنائی جائیں اور بحالی کے بعد فالو اپ نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ تمام بحالی مراکز کی باقاعدہ مانیٹرنگ رپورٹس مرتب کی جائیں اور سہولیات کی فراہمی میں درپیش مسائل کے حل کیلئے عملی اقدامات کئے جائیں۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ منشیات کے خاتمے کیلئے بحالی مراکز، لیویز فورس، محکمہ صحت اور سوشل ویلفیئر کے درمیان باہمی تعاون کو فروغ دیا جائے تاکہ متاثرہ افراد کو معاشرے کے مفید شہری بنانے کے عمل کو مزید مضبوط کیا جا سکے۔