وانا (مانند نیوز ) ڈویژنل فارسٹ آفیسر لوئر ساؤتھ وزیرستان نے علاقے میں اوک (بلوط) کے جنگلات کی غیر قانونی اور تجارتی بنیادوں پر کٹائی اور چارکول سازی میں اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اس غیر قانونی عمل میں ملوث افراد کے خلاف بلاامتیاز سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔محکمہ جنگلات کے مطابق اوک (Quercus) کے جنگلات خطے کا قیمتی قدرتی سرمایہ ہیں، جو ماحولیاتی توازن برقرار رکھنے، مٹی کے کٹاؤ کو روکنے اور جنگلی حیات کے تحفظ میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔ حالیہ رپورٹس سے معلوم ہوا ہے کہ بعض عناصر اوک کے درخت بڑے پیمانے پر کاٹ کر انہیں تجارتی مقاصد کے لیے چارکول بنانے میں استعمال کر رہے ہیں، جو ملکی قوانین کے تحت صریحاً ممنوع ہے۔محکمہ نے وضاحت کی کہ مذکورہ علاقوں میں اوک کے بیشتر جنگلات نجی یا کمیونٹی کی ملکیت ہیں، جہاں مقامی مستفید کمیونٹی کو صرف گھریلو ضروریات کے لیے محدود مقدار میں لکڑی حاصل کرنے کی اجازت ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس سہولت کا تجارتی استعمال قانون شکنی کے مترادف ہے اور اسے ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ اوک درختوں کی غیر قانونی کٹائی، بے دریغ ہارویسٹنگ اور غیر مجاز چارکول سازی میں ملوث افراد کے خلاف متعلقہ قوانین کے تحت سخت مقدمات درج کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ اوک لکڑی یا چارکول کی غیر قانونی ترسیل میں استعمال ہونے والی گاڑیوں کو ضبط کر کے مقدمات فارسٹ مجسٹریٹ کو ارسال کیے جائیں گے، جبکہ بار بار خلاف ورزی کرنے والوں پر بھاری جرمانے اور قانونی سزائیں عائد کی جائیں گی۔محکمہ جنگلات نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ قیمتی اوک جنگلات کے تحفظ کے لیے محکمہ سے تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک یا غیر قانونی سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ حکام کو دیں تاکہ اس قدرتی اثاثے کو آئندہ نسلوں کے لیے محفوظ بنایا جا سکے۔