پشاور(مانند نیوز )ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ٹیچنگ ہسپتال مردان کے میڈیکل سپریٹنڈنٹ ڈاکٹر جاوید اقبال نے کہا ہے کہ ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال مردان نے انڈس ہسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک کے اشتراک سے انفیکشن پریونشن اینڈ کنٹرول کے لیے ایک جدید ”یلو روم“ قائم کیا ہے۔ اس منصوبے کا مقصد طبی مراکز میں آلودہ اور انفیکٹڈ فضلے کی محفوظ، معیاری اور سائنسی بنیادوں پر تلفی کو یقینی بنانا ہے۔انہوں نے بتایا کہ انڈس ہسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک کے تحت پورے ملک میں صرف 16 ہسپتالوں کا انتخاب عمل میں لایا گیا ہے، جن میں خیبرپختونخوا سے ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال مردان بھی شامل ہے، جو کہ ادارے کے لیے ایک اعزاز اور اعتماد کی علامت ہے۔ یلو روم میں نہ صرف ڈی ایچ کیو ہسپتال بلکہ ڈسٹرکٹ مردان کے مختلف طبی مراکز سے پیدا ہونے والا انفیکٹڈ فضلہ جمع کیا جاتا ہے، جسے بعد ازاں انسنوریٹر میں جدید طریقے سے جلایا جاتا ہے تاکہ ماحول اور مریضوں دونوں کو آلودگی سے محفوظ رکھا جا سکے۔ڈاکٹر جاوید اقبال نے یہ بات ڈی ایچ کیو ہسپتال کے مختلف شعبوں کے تفصیلی دورے کے دوران کہی۔ اس موقع پر پاکستان پیرامیڈیکل اسٹاف ایسوسی ایشن رجسٹرڈ پاکستان ڈویژن مردان اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال مردان کے صدر عبید اللہ اور جنرل سیکرٹری حاجی محمد امین بھی ان کے ہمراہ تھے۔ایم ایس ڈاکٹر جاوید اقبال نے کیجولٹی ڈیپارٹمنٹ سمیت مختلف یونٹس، صفائی کے انتظامات، اور ایمرجنسی مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ انہوں نے ہسپتال عملے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ مریضوں کو بہتر اور معیاری علاج فراہم کرنا ترجیح اول ہے اور نئے اقدامات اس مقصد کے حصول میں اہم کردار ادا کریں گے۔