وانا (مانند نیوز ) جنوبی وزیرستان لوئر دانہ راغزائی میں واقع بدلون اسکول سسٹم کے زیرِ اہتمام سالانہ اسپورٹس گالا نہایت جوش و خروش اور شاندار ماحول میں منعقد ہوا، جس میں اسکول کے طلبہ و طالبات نے بھرپور شرکت کرتے ہوئے اپنی کھیلوں کی صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ کیا۔تقریب کا مقصد طلبہ و طالبات میں صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دینا، ٹیم ورک کے جذبے کو اجاگر کرنا اور ان کی جسمانی و ذہنی نشوونما کو مزید مضبوط بنانا تھا۔ اسپورٹس گالا کے دوران دوڑ، رسہ کشی، مختلف تفریحی اور مسابقتی کھیلوں کا انعقاد کیا گیا، جس سے پورا میدان خوشی، ولولے اور جوش سے گونج اٹھا۔اس موقع پر اسکول انتظامیہ، اساتذہ کرام اور والدین نے طلبہ و طالبات کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس قسم کی ہم نصابی سرگرمیاں بچوں میں خود اعتمادی، نظم و ضبط اور مثبت سوچ پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔تقریب کے اختتام پر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ و طالبات میں انعامات اور اسناد تقسیم کی گئیں، جس سے بچوں کے حوصلے مزید بلند ہوئے۔شرکاء نے اس موقع پر کہا کہ بدلون اسکول سسٹم نہ صرف معیاری تعلیم کی فراہمی میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے بلکہ ہم نصابی سرگرمیوں کے فروغ کے ذریعے طلبہ و طالبات کی ہمہ جہت تربیت کو بھی یقینی بنا رہا ہے، جو ایک روشن اور کامیاب مستقبل کی ضمانت ہے۔