وانا (مانند نیوز) محکمہ خیبرپختونخوا برائے اُمورِ نوجوانان اور غواہ خواہ ویلفیئر سوسائٹی کے باہمی اشتراک سے جنوبی وزیرستان لوئر کے علاقے غواہ خواہ میں کیریئر کونسلنگ کے حوالے سے ایک اہم اور معلوماتی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار میں بڑی تعداد میں طلباء و طالبات نے شرکت کی۔سیمینار کا مقصد طلباء و طالبات کو ان کے تعلیمی مستقبل، کیریئر کے انتخاب اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ رہنمائی فراہم کرنا تھا۔ مقررین نے شرکاء کو مختلف تعلیمی شعبوں، پیشہ ورانہ مواقع اور ڈیجیٹل اسکلز کی بڑھتی ہوئی اہمیت سے آگاہ کیا۔ایونٹ کے مقررین میں نور علی خان وزیر، پرنسپل احسان اللہ اور آصف خان شامل تھے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پرنسپل احسان اللہ نے کہا کہ طلباء و طالبات کو چاہیے کہ وہ محض روایتی تعلیم تک محدود نہ رہیں بلکہ جدید دور کے تقاضوں کے مطابق ڈیجیٹل مہارتیں بھی حاصل کریں تاکہ وہ عملی زندگی میں کامیاب ہو سکیں۔آصف خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ کیریئر کونسلنگ طلباء کے مستقبل کے فیصلوں میں نہایت اہم کردار ادا کرتی ہے، کیونکہ درست رہنمائی نوجوانوں کو صحیح سمت میں آگے بڑھنے میں مدد فراہم کرتی ہے۔برائٹ فیوچر ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر نور علی خان وزیر نے کہا کہ نوجوان کسی بھی قوم کا قیمتی اثاثہ ہوتے ہیں، اور ان کی رہنمائی و تربیت کے لیے ایسے سیمینارز کا انعقاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ویلفیئر سوسائٹی آئندہ بھی نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے لیے ایسے اقدامات جاری رکھے گی۔پروگرام کے اختتام پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء و طالبات میں اعزازی شیلڈز تقسیم کی گئیں، جبکہ شرکاء نے سیمینار کو نہایت مفید اور معلوماتی قرار دیا۔