پشاور ( مانند نیوز) اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان اور انٹرنیشنل اسلامک فیڈریشن آف سٹوڈنٹ آرگنائزیشن کے تحت منعقد ہونے والا دو روزہ انٹرنیشنل لیڈرشپ سمٹ اسلام آباد میں اختتام پذیر ہو گیا۔ سمٹ میں دنیا بھر کی اسلامی طلبہ تنظیموں کے نمائندگان، نوجوان قائدین اور فکری رہنماؤں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ناظمِ اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان حسن بلال ہاشمی نے سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس سمٹ کا مقصد دنیا بھر کی اسلامی طلبہ تحریکوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنا، نوجوان قیادت کو عالمی چیلنجز سے آگاہ کرنا اور عدل و انصاف پر مبنی متبادل فکر پیش کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ امتِ مسلمہ اور پوری انسانیت کے لیے مثبت اور تعمیری کردار ادا کرنے کا واضح وژن رکھتی ہے۔ تفصیلات کے مطابق اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے زیرِ اہتمام منعقدہ اس دو روزہ انٹرنیشنل لیڈرشپ سمٹ میں 20 سے زائد ممالک سے تعلق رکھنے والی انٹرنیشنل اسلامک فیڈریشن آف سٹوڈنٹ آرگنائزیشن کے نمائندگان شریک ہوئے۔ سمٹ کے دوسرے روز مختلف سیشنز کا انعقاد کیا گیا۔ ایک اہم سیشن سے پاکستان مسلم لیگ کے سابق وفاقی وزیر اطلاعات اور سینیٹر مشاہد حسین سید نے خطاب کیا، جس میں انہوں نے جیوپولیٹکس، ابھرتے ہوئے عالمی طاقت کے مراکز اور ان کے عالمِ اسلام پر پڑنے والے اثرات پر تفصیلی اظہارِ خیال کیا۔ دوسرے روز رکن تنظیموں کے لیے ایک خصوصی (کلوزڈ) سیشن بھی منعقد ہوا، جس میں تجربات کے تبادلے، اسٹریٹجک منصوبہ بندی اور مستقبل کے لیے مشترکہ وژن کی تشکیل پر توجہ دی گئی۔ اس سیشن کے دوران مختلف بین الاقوامی تنظیموں کے قائدین نے اپنی تنظیموں کا تعارف کرایا، اہم تجربات اور نکات کا تبادلہ کیا، اور آئندہ باہمی تعاون، ہم آہنگ اقدامات اور مشترکہ جدوجہد کے امکانات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اختتامی سیشن میں ناظمِ اعلیٰ حسن بلال ہاشمی نے عالمی مہمانان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انٹرنیشنل لیڈرشپ سمٹ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کی جانب سے عالمی سطح پر اسلامی طلبہ تحریکوں کے مابین فکری ربط، نوجوان قیادت کی تربیت اور انصاف پر مبنی عالمی مکالمے کو فروغ دینے کی ایک سنجیدہ اور اہم کوشش ہے۔اختتامی سیشن سے معتمدِ عام اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان صاحبزادہ وسیم حیدر، معروف سماجی سائنس دان اور گیلوپ پاکستان کے بانی ڈاکٹر اعجاز شفیع گیلانی سمیت دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔