پشاور( مانند نیوز)سابق امیر جماعتِ اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ مرکزی اور صوبائی حکومتیں ایک پیج پر نہیں ہیں اور سیاسی لڑائیوں میں مصروف ہیں، جس کا خمیازہ غریب عوام بھگت رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان جل رہے ہیں، جبکہ وفاق اور خیبرپختونخوا کی حکومتیں آپس کی کشمکش میں الجھی ہوئی ہیں اور عوامی مسائل پر کوئی توجہ نہیں دی جا رہی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ حدیقہ العلوم المرکزی اسلامی پشاور میں سالانہ تقریبِ ختمِ بخاری شریف سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے حکمرانوں پر زور دیا کہ آئین و قانون کی بالادستی قائم کریں اور عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات اٹھائیں۔سراج الحق نے دینی تعلیم کی اہمیت اور معاشرے کی اصلاح میں علما کے کردار پر زور دیا۔تقریب میں شیخُ القرآن والحدیث مولانا عبدالملک نے بخاری شریف کا آخری درس دیا۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل جماعتِ اسلامی خیبرپختونخوا شمالی صابر حسین اعوان، مہتمم جامعہ حدیقہ العلوم اور سابق رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالأکبر چترالی سمیت دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر علما، اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔