بریکوٹ (ریاض احمدسے) شموزی میں آسمان سے گرنے والا مشکوک صندوق، علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا. شموزی تھانے کی حدود میں پولیس چیک پوسٹ گوڑہ کے قریب ایک مشکوک صندوق نما بکس برآمد ہوا ہے، جس نے پورے علاقے میں سنسنی پھیلا دی ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق یہ بکس پیراشوٹ نما پلاسٹک کے ذریعے آسمان سے نیچے آیا، جس کے بعد مقامی افراد میں خوف و تشویش کی لہر دوڑ گئی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے۔ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر عوام کو موقع سے دور رکھا جا رہا ہے جبکہ بکس کے اندر موجود مواد کے بارے میں تاحال کوئی تصدیق نہیں ہو سکی۔
ذرائع کے مطابق متعلقہ اداروں کو بھی اطلاع دے دی گئی ہے اور بکس کی نوعیت، مقصد اور ماخذ جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
علاقے میں غیر معمولی صورتحال کے باعث سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔