لوئردیر ( مانند نیوز)لوئردیر جندول کی معروف دینی درسگاہ الجامعۃ العربیہ الاسلامیہ العلومُ القرآن ثمرباغ میں دورۂ حدیث مکمل کرنے والے طلبہ کے اعزاز میں ختمِ بخاری شریف کی ایک پُروقار اور روح پرور تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق تھے، جبکہ تقریب میں علماء کرام، مشائخ، سیاسی و سماجی شخصیات اور اہلِ علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد ترجمۂ قرآن، تجوید، حفظِ قرآن اور دورۂ حدیث (ختمِ بخاری شریف) مکمل کرنے والے طلبہ کی دستار بندی اور اسناد تقسیم کی گئیں۔ اس موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے جب اساتذہ کرام نے اپنے شاگردوں کے سروں پر دستارِ فضیلت سجائی۔مہمانِ خصوصی سراج الحق نے خطاب کرتے ہوئے فارغ التحصیل طلبہ اور ان کے والدین کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ دینی مدارس اسلام کے مضبوط قلعے ہیں جو نسلوں کے ایمان کی حفاظت کر رہے ہیں۔ پُرفتن دور میں علماء کی ذمہ داری مزید بڑھ گئی ہے کہ وہ معاشرے کی اخلاقی و فکری رہنمائی کریں۔ قرآن و سنت کی تعلیمات ہی انسانیت کی فلاح اور کامیابی کا واحد راستہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دیر کے عوام ہمیشہ دین سے محبت اور وابستگی کے لیے جانے جاتے ہیں اور ان مدارس سے نکلنے والے طلبہ ملک و قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں۔ تقریب سے سابق رکنِ صوبائی اسمبلی اعزاز الملک افکاری، ممتاز عالمِ دین مولانا ڈاکٹر اسماعیل اور دیگر علماء کرام نے بھی خطاب کیا۔ اعزاز الملک افکاری نے کہا کہ دینی مدارس نہ صرف دینی تعلیم بلکہ سماجی تربیت کا بھی اہم مرکز ہیں جہاں سے اخلاص، خدمت اور کردار سازی کا سبق ملتا ہے۔ مولانا ڈاکٹر اسماعیل نے بخاری شریف کی آخری حدیث کا درس دیتے ہوئے علمِ دین کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور طلبہ کو نصیحت کی کہ وہ عملی زندگی میں تقویٰ، دیانت اور امانت داری کو اپنا شعار بنائیں۔ تقریب میں ثمرباغ اور گردونواح سے ہزاروں افراد نے شرکت کی، جس سے یہ روحانی اجتماع ایک عظیم الشان دینی و سماجی تقریب کا منظر پیش کرتا رہا۔