پشاور (مانند نیوز)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کی یومِ پیدائش کے موقع پر جاری اپنے تہنیتی پیغام میں کہاہے کہ بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کی مدبرانہ قیادت، دوراندیشی اور اصولوں پر غیر متزلزل یقین نے برصغیر کے مسلمانوں کو آزادی کی منزل تک پہنچایا اور ایک آزاد ریاست پاکستان کا قیام عمل میں آیا۔ گورنر نے کہا کہ قائداعظم کی شخصیت بلند اخلاقی اقدار، آئین و قانون کی پاسداری اور جمہوری روایات کی حقیقی عکاس تھی۔ انہوں نے ہمیشہ اتحاد، ایمان اور تنظیم کے سنہری اصولوں پر عمل کی تلقین کی، جو آج بھی قوم کے لیے ترقی، استحکام اور یکجہتی کا مضبوط ذریعہ ہیں۔ قائداعظم کی بے مثال جدوجہد، قربانیوں اور انتھک محنت کے باعث ہمیں ایک آزاد وطن نصیب ہوا جہاں ہم آزادی کے ساتھ اپنے مذہبی، ثقافتی اور سماجی اقدار کے مطابق زندگی گزار رہے ہیں۔گورنر خیبرپختونخوا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قائداعظم محمدعلی جناح کے یوم پیدائش کے موقع پر ہمیں یہ عہد کرنا چاہیے کہ ہم قائداعظم کے افکار کو عملی جامہ پہناتے ہوئے اپنی تمام تر صلاحیتیں ملک و قوم کی خدمت کے لیے وقف کریں گے اور پاکستان کو ایک ترقی یافتہ اور خوشحال ریاست بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔#