باجوڑ (مانند نیوز)خیبر پختونخوا حکومت کے عوامی ایجنڈا کے تحت اور ڈپٹی کمشنر باجوڑ شاہد علی خان کی ہدایات پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر خار۔II ارشد کمال نے ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر خار۔I محمد نثار، تحصیلدار خار حبیب الرحمٰن، ڈی ایس پی خار، ٹی ایم اے خار کے اہلکاروں، ٹریفک پولیس اور دیگر متعلقہ عملے کے ہمراہ تحصیل خار کے مختلف علاقوں میں خصوصی انسدادِ تجاوزات آپریشن کیا۔یہ آپریشن ڈی ایچ کیو ہسپتال روڈ، شنڈئی موڑ، پھاٹک بازار اور عنایت کلی بازار / بائی پاس میں کیا گیا۔آپریشن کے دوران دکانداروں کی جانب سے فٹ پاتھوں اور عوامی مقامات پر قائم عارضی تجاوزات ختم کی گئیں تاکہ پیدل آمد و رفت کو یقینی بنایا جا سکے اور ٹریفک کے بہاؤ میں بہتری لائی جا سکے۔ دکانداروں کو سختی سے ہدایت کی گئی کہ وہ فٹ پاتھ خالی رکھیں اور عوامی مقامات پر سامان یا کسی بھی قسم کا ڈھانچہ قائم نہ کریں۔مسلسل خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف متعلقہ قوانین کے تحت کارروائی کی گئی جبکہ دیگر کو سخت وارننگ دی گئی کہ آئندہ تجاوزات کی صورت میں بغیر کسی پیشگی اطلاع کے سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ضلعی انتظامیہ باجوڑ عوامی نظم و ضبط کے قیام، عوامی گزرگاہوں کو تجاوزات سے پاک رکھنے اور شہری سہولیات کی بہتری کے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔ عوامی مقامات پر غیر قانونی قبضے کے خاتمے کے لیے ایسے انسدادِ تجاوزات آپریشنز آئندہ بھی جاری رہیں گے۔