تیمرگرہ ( مانند نیوز )الخدمت فاؤنڈیشن لوئر دیر کے زیرانتظام بنوقابل پروگرام کی اہمیت مزید بڑھ گئی ،ضلع بھر میں 22ہزار سے زائد طلبہ و طالبات کو فری آئی ٹی کورسز کراےجاینگے۔بنوقابل پروگرام فیز ٹو کے تحت فروری سے باقاعدہ کلاسز کے آغاز کے لیے تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے جبکہ مختلف علاقوں میں ٹیسٹ پاس کرنے والے طلبہ و طالبات کے انٹرویوز کا مرحلہ بھی مکمل کر لیا گیا ہے۔
اس حوالے سے الخدمت فاؤنڈیشن لوئر دیر کے صدر حفیظ اللہ خاکسار ایڈووکیٹ نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی کے مرکزی امیر انجینئر حافظ نعیم الرحمن کے وژن کے مطابق لوئر دیر میں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنوقابل پروگرام شروع کیا جا رہا ہے،جس کے تحت مختلف علاقوں میں فری آئی ٹی سنٹرز قائم کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دوسرے مرحلے میں 22ہزار طلبہ و طالبات کو جدید آئی ٹی کورسز کروائے جائیں گے،جن میں فری لانسنگ،گرافک ڈیزائننگ،ویب ڈویلپمنٹ اور دیگر جدید مہارتیں شامل ہوں گی۔ انہوں نے بتایا کہ ہر کورس کا دورانیہ تین ماہ پر مشتمل ہوگا جبکہ کورس کی کامیاب تکمیل پر طلبہ و طالبات کو گوگل اور صوبہ خیبرپختونخوا سے تصدیق شدہ آئی ٹی سرٹیفکیٹس دیے جائیں گے۔حفیظ اللہ خاکسار ایڈووکیٹ نے مزید کہا کہ بنوقابل پروگرام کا بنیادی مقصد نوجوانوں کو آنے والے وقت کے چیلنجز کے لیے تیار کرنا،انہیں ہنر مند بنانا اور اس قابل بنانا ہے کہ وہ اپنے پاؤں پر کھڑے ہو کر باعزت روزگار حاصل کر سکیں۔