وانا (مانند نیوز) ڈسٹرکٹ پریس کلب وانا میں ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے مختلف کیڈرز میں خالی آسامیوں کے حوالے سے ایک اہم نیوز کانفرنس منعقد ہوئی.
نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ جنوبی وزیرستان لوئر کے امیدواروں کے لیے پیپر بیسڈ اسکریننگ ٹیسٹ کے انعقاد کے باوجود ایٹا خیبرپختونخوا کی جانب سے تاحال رول نمبر سلپس جاری نہیں کی گئیں، حالانکہ ٹیسٹ کی تاریخ 18 جنوری مقرر کی جا چکی ہے، جو امیدواروں میں شدید تشویش کا باعث بن رہی ہے۔
مقررین نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ایٹا خیبرپختونخوا نے دو مختلف طریقوں سے ٹیسٹ کا انعقاد کیا تھا، جن امیدواروں نے پیپر بیسڈ ٹیسٹ میں 50 فیصد یا اس سے زائد نمبر حاصل کیے، انہیں کمپیوٹر بیسڈ ٹیسٹ کے لیے کوالیفائی قرار دیا گیا۔ جبکہ ان اضلاع میں جہاں آسامیوں کی تعداد زیادہ ہونے کے باعث نشستیں خالی رہنے کا خدشہ تھا، وہاں ایٹا کی جانب سے میرٹ میں نرمی کرتے ہوئے 30 سے 49 فیصد نمبر حاصل کرنے والے امیدواروں کو بھی کمپیوٹر بیسڈ ٹیسٹ کے لیے اہل قرار دیا گیا۔ اس پالیسی کے تحت خیبرپختونخوا کے تمام اضلاع میں کمپیوٹر بیسڈ ٹیسٹ کا عمل مکمل ہو چکا ہے، تاہم افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ صرف جنوبی وزیرستان لوئر میں یہ عمل تاحال التواء کا شکار ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز (میل و فیمل) جنوبی وزیرستان لوئر کی جانب سے متعلقہ ڈائریکٹر کو باقاعدہ تحریری مراسلہ ارسال کیا جا چکا ہے، جس میں ایٹا خیبرپختونخوا کو بروقت آگاہ کرنے اور امیدواروں کے رول نمبر سلپس فوری طور پر جاری کرنے کی درخواست کی گئی ہے، مگر اس کے باوجود تاحال کوئی عملی پیش رفت سامنے نہیں آ سکی۔
نیوز کانفرنس کے شرکاء نے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈائریکٹوریٹ میل و فیمل کی جانب سے غیر سنجیدہ رویہ جنوبی وزیرستان لوئر کے امیدواروں کے ساتھ کھلی ناانصافی کے مترادف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر رول نمبر سلپس بروقت جاری نہ کی گئیں تو علاقے کے سینکڑوں اہل امیدوار مختلف کیڈرز کی خالی آسامیوں سے محروم ہو سکتے ہیں، جس کا براہِ راست نقصان علاقے کے تعلیمی نظام کو پہنچے گا۔
مقررین نے بتایا کہ جنوبی وزیرستان لوئر میں اس وقت مختلف کیڈرز کی متعدد نشستیں خالی پڑی ہیں، جن میں سی ٹی کی 12 نشستوں میں سے 10 پر تقرری مکمل ہو چکی ہے جبکہ 2 نشستیں تاحال خالی ہیں۔ اسی طرح ڈرائنگ ماسٹر کی 16 نشستوں میں سے صرف 4 نشستوں پر تقرری ہوئی ہے جبکہ 12 نشستیں خالی ہیں۔ فزیکل ایجوکیشن کی 9 نشستوں میں سے ایک نشست پر تقرری مکمل ہو سکی ہے جبکہ باقی 8 نشستیں خالی پڑی ہیں۔ عربی ٹیچر کی تمام 7 نشستیں تاحال خالی ہیں جبکہ ٹی ٹی کی ایک نشست بھی تاحال پر نہیں کی جا سکی۔
شرکاء نے مطالبہ کیا کہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (ڈی ای او) اس بات کی وضاحت کریں کہ انہوں نے ڈائریکٹر کو مراسلہ ارسال کیا ہے، اس پر اب تک کیا پیش رفت ہوئی ہے۔ مقررین نے زور دیا کہ ڈی ای او متعلقہ ڈائریکٹر سے باقاعدہ معلومات حاصل کریں اور یہ معلوم کریں کہ جنوبی وزیرستان لوئر کے امیدواروں کی رول نمبر سلپس ایٹا خیبرپختونخوا کی جانب سے تاحال کیوں جاری نہیں کی جا رہیں۔
انہوں نے مزید مطالبہ کیا کہ ڈی ای او اس معاملے پر اپنا تحریری فیڈبیک حاصل کریں اور ایٹا خیبرپختونخوا سے براہِ راست رابطہ کر کے یہ واضح کریں کہ رول نمبر سلپس کے اجرا میں تاخیر کی اصل وجوہات کیا ہیں، تاکہ امیدواروں میں پائی جانے والی بے چینی کا فوری ازالہ ہو سکے اور بھرتی کے عمل کو شفاف اور بروقت بنایا جا سکے۔