پشاور (مانند نیوز )محبانِ اردو مردان کے زیرِ اہتمام پندرہ روزہ تنقیدی اجلاس زیرِ صدارت معروف ادیبہ مریم امتیاز اعوان منعقد ہوا۔ اجلاس کا باقاعدہ آغاز اسلام الحق کی پُرسوز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا جس سے محفل کا روحانی و ادبی ماحول مزید خوشگوار ہو گیا۔اجلاس میں تعزیتی قرارداد بھی پیش کی گئی جس میں معروف پشتو شاعر وزیر محمد کی بھابی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا گیا اور مرحومہ کے ایصالِ ثواب اور درجات کی بلندی کے لیے دعا کی گئی۔ادبی نشست کے تنقیدی مرحلے میں عبدالرزاق کی غزل کو صاحبِ شق کے طور پر پیش کیا گیا، جس پر شرکاء نے مدلل اور بامقصد تنقیدی آراء پیش کیں۔ تنقید کے بعد آزاد مشاعرے کا اہتمام کیا گیا جس میں شعراء و ادباء نے اپنا اور منتخب کلام پیش کر کے داد وصول کی۔اجلاس میں پروفیسر گوہر نوید، حمید ہاتف، انور زیاد، عبدالقیوم ترابی، اسلام الحق، نور علی خان، واصف علی واصف، ارم امتیاز اعوان، مریم امتیاز اعوان، عبدالرزاق اور اُسامہ امتیاز اعوان نے بھرپور شرکت کی۔ شرکاء نے محبانِ اردو مردان کی ادبی خدمات کو سراہتے ہوئے ایسے اجلاسوں کے تسلسل کو اردو ادب کے فروغ کے لیے ناگزیر قرار دیا۔