باجوڑ(مانند نیوز )باجوڑ میں جماعتِ اسلامی کے نائب امیر اور سابق امیدوار برائے صوبائی اسمبلی مولانا وحید گل کے گھر کے باہر بم دھماکہ ہوا۔ دھماکے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم مولانا وحید گل کے گھر اور گاڑی کو جزوی نقصان پہنچا۔ دھماکے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور مقامی پولیس کی نفری فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکے میں آئی ای ڈی (IED) استعمال کی گئی تھی۔ڈی پی او باجوڑ وقاص رفیق نے میڈیا کو بتایا کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔ مولانا وحید گل نے اس موقع پر کہا کہ وہ اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور قانون نافذ کرنے والے ادارے واقعے کی جلد اور شفاف تحقیقات کر رہے ہیں۔ پولیس نے علاقے کے رہائشیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پرسکون رہیں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ حکام کو دیں۔ دھماکے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں ناکہ بندیاں قائم کر کے شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں۔ امیر جماعتِ اسلامی باجوڑ صاحبزادہ ہارون الرشید نے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے بزدلانہ حملے نہ صرف امن و امان کو نقصان پہنچاتے ہیں بلکہ علاقے میں خوف و ہراس پھیلانے کی سازش ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ذمہ دار عناصر کو فوری طور پر گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔اللہ تعالیٰ مولانا وحید گل اور ان کے اہلِ خانہ کی حفاظت فرمائے اور علاقے میں امن و سکون قائم کرے۔
