پشاور (مانند نیوز)گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی پیر کے روز دورہ ٹانک کے دوران پولیس لائینز ضلع ٹانک پہنچے اور یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی. گورنر خیبرپختونخوا نے اس موقع پر عمائدین علاقہ اور شہدائے پولیس کے خاندانوں سے ملاقات بھی کی اور حالیہ بم دھماکہ میں شہید پولیس اہلکاروں کے لواحقین سے تعزیت و دلی ہمدردی کا اظہار کیا. گورنر نے شہداء پولیس کو خراج عقیدت، شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی اور پولیس شہداء کے لواحقین کو اپنے ہر ممکن تعاون اور امداد کی یقین دہانی کرائی۔ گورنر نے کہا کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں قیمتی جانیں قربان کرنیوالے شہداء ہمارا فخر ہیں، پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی بہادری اور بلند پختہ عزم کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں، خیبر پختونخوا پولیس اور سیکیورٹی اداروں نے ملک کی سلامتی کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں، انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کیلئے شہادتیں دینے والے پولیس و سیکیورٹی فورسز جوانوں کی قربانیاں قوم کبھی فراموش نہیں کر سکتی. قبل ازیں ٹانک پہنچنے پر ڈویژنل سینئر نائب صدر پاکستان پیپلز پارٹی فتح شیر خان محسود، ضلعی صدر پاکستان پیپلز پارٹی ٹانک سردار ہدایت اللہ خان گنڈا پور، جنوبی وزیرستان کے صدر شمس محسود، سینئر رہنما پاکستان پیپلز پارٹی ندیم عوام دوست، ملک سید محمد خان اشنگی، سردار امان اللہ محسود سمیت دیگر پارٹی رہنماؤں اور عمائدین علاقہ نے گورنر کا استقبال کیا. #