پشاور (مانندنیوز)اسلامی جمعیت طلبہ خیبر پختونخوا کے ناظم اسفندیار عزت، جنرل سیکرٹری محمد انیس اور صوبائی سیکرٹری اطلاعات رومان ایوب نے پشاور پریس کلب کے سالانہ انتخابات میں ایم ریاض کو صدر، عالمگیر خان کو جنرل سیکرٹری، ضیاء الحق کو نائب صدر اور دیگر منتخب عہدیداران کو دلی مبارکباد دی ہے اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔ صوبائی سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں اسلامی جمعیت طلبہ کے صوبائی رہنماؤں نے کہا کہ پشاور پریس کلب کے سالانہ انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے والی نو منتخب کابینہ صحافتی برادری کے اعتماد اور توقعات پر پورا اترنے کے لیے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائے گی۔ امید ہے کہ نو منتخب کابینہ مثبت اور تعمیری صحافت کے فروغ کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔ اسلامی جمعیت طلبہ میڈیا، آزادیٔ اظہارِ رائے اور صحافیوں کے حقوق کی جدوجہد میں صحافتی برادری کے ساتھ ہے۔ سیکرٹری اطلاعات رومان ایوب نے کہا کہ پشاور پریس کلب میں ہر سال باقاعدگی کے ساتھ انتخابات کا انعقاد ایک شاندار جمہوری روایت ہے۔ امید ہے کہ پشاور کی صحافتی برادری قلم کے ذریعے طلبہ کے مسائل اجاگر کرے گی۔