شانگلہ (مانند نیوز)ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 شانگلہ انجینئر ملک شیر دل خان کی نگرانی میں ریسکیو 1122 کی ٹریننگ ونگ کی جانب سے ڈپٹی کمشنر شانگلہ کے دفتر کے افسران و ملازمین کے لیے ایک روزہ انتہائی مفصل اور جامع تربیتی و آگاہی پروگرام منعقد کیا گیا۔ اس تربیتی پروگرام کا بنیادی مقصد سرکاری دفاتر میں پیش آنے والی ہنگامی صورتحال، خصوصاً آگ لگنے اور طبی ایمرجنسیز کے دوران بروقت اور مؤثر اقدامات کے ذریعے قیمتی انسانی جانوں اور سرکاری املاک کے تحفظ کو یقینی بنانا تھا۔تربیتی پروگرام کے آغاز پر ریسکیو 1122 کے تربیت یافتہ انسٹرکٹرز نے شرکاء کو ریسکیو 1122 کے قیام اس کے مشن اور خدمات کے دائرہ کار کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ شرکاء کو بتایا گیا کہ کسی بھی حادثے یا ایمرجنسی کی صورت میں ریسکیو 1122 کو کس طرح فوری طور پر اطلاع دی جائے، ایمرجنسی کال کے دوران کون سی ضروری معلومات فراہم کی جائیں اور متاثرہ افراد کو ریسکیو ٹیم کے پہنچنے تک کس طرح محفوظ رکھا جائے۔ تربیتی ورکشاپ کے دوران ابتدائی طبی امداد کے حوالے سے عملی مشقیں کروائی گئیں جن میں زخموں پر پٹی باندھنے، خون روکنے، ہڈی ٹوٹنے کی صورت میں ابتدائی اقدامات، جلنے کے واقعات میں فوری امداد، دل کے دورے اور بے ہوشی کی صورت میں ابتدائی طبی ردعمل شامل تھا۔ شرکاء کو عملی طور پر یہ بھی سکھایا گیا کہ ایمرجنسی کی صورت میں گھبراہٹ پر قابو پا کر منظم طریقے سے کام کیسے کیا جائے۔اسی طرح آگ سے بچاؤ اور فائر سیفٹی کے حوالے سے تفصیلی تربیت دی گئی جس میں دفاتر میں آگ لگنے کی وجوہات، برقی آلات کے غیر محفوظ استعمال، شارٹ سرکٹ، گیس لیکیج اور آتش گیر مواد کے خطرات پر روشنی ڈالی گئی۔ ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے فائر ایکسٹنگوشر کے درست استعمال، مختلف اقسام کی آگ اور ان پر قابو پانے کے طریقوں کا عملی مظاہرہ کیا، جبکہ محفوظ انخلاء کے لیے مناسب راستوں کے انتخاب اور نظم و ضبط کی اہمیت پر بھی آگاہ کیا گیا۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر ملک شیر دل خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریسکیو 1122 صرف ایک ایمرجنسی سروس نہیں بلکہ ایک تربیتی اور آگاہی ادارہ بھی ہے جو عوام اور سرکاری اداروں کو ہنگامی حالات سے نمٹنے کے قابل بنانے کے لیے سرگرم عمل ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اس طرح کے تربیتی پروگرام دفاتر میں حادثات کے خطرات کو کم کرنے اور ایمرجنسی کے وقت نقصانات کو کم سے کم کرنے میں انتہائی مؤثر ثابت ہوتے ہیں۔پروگرام کے اختتام پر سوال و جواب کا سیشن بھی رکھا گیاجس میں شرکاء نے مختلف ہنگامی صورتحال سے متعلق سوالات کیے اور ریسکیو 1122 کے ماہرین نے تفصیلی رہنمائی فراہم کی۔ انتظامیہ کے افسران و عملے نے تربیتی پروگرام کو نہایت معلوماتی اور مفید قرار دیتے ہوئے ریسکیو 1122 شانگلہ کی کاوشوں کو سراہا اور مستقبل میں بھی ایسے تربیتی و آگاہی پروگراموں کے تسلسل کی خواہش کا اظہار کیا۔