وانا (نمائندہ مانند) جنوبی وزیرستان لوئر کی تحصیل برمل کے علاقے زم چن سے تعلق رکھنے والے زکوٰۃ چیئرمین ملک مختیار وزیر نے کہا ہے کہ جدید دور میں بھی ان کے علاقے زم چن، نیزی نرائی اور سرے خاورے بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان علاقوں میں پینے کے صاف پانی، صحت، تعلیم، سڑکوں اور بجلی جیسی بنیادی ضروریات کا شدید فقدان ہے، جس کی وجہ سے عوام کو روزمرہ زندگی میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ متعلقہ محکموں اور منتخب نمائندوں کی عدم توجہی کے باعث یہ علاقے پسماندگی کا شکار ہیں، جبکہ بارہا نشاندہی کے باوجود مسائل جوں کے توں برقرار ہیں۔ملک مختیار وزیر نے موجودہ ایم این اے زبیر خان وزیر ، ایم پی اے عجب گل وزیر اور اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ زم چن، نیزی نرائی اور سرے خاورے کے عوام کو بنیادی سہولیات کی فوری فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ علاقے کے لوگ بھی دیگر علاقوں کی طرح باعزت اور بہتر زندگی گزار سکیں۔