ہنگو(مانند نیوز) ضلع ہنگو کے گورنمنٹ کنٹریکٹرز کا ایک اہم اور نمائندہ اجلاس منگل کے روز سپین غر ریسٹورنٹ ہنگو میں منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر سے تعلق رکھنے والے گورنمنٹ کنٹریکٹرز نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس میں حاجی گل صاحب شاہ، نور کریم اورکزئی، حاجی خان ترین، حاجی مثل خان، حاجی قاسم گل، عبد اللہ شاہ، رفیع اللہ، شاہ نواز خان، لیاقت علی، خواجہ محمد خان، نورستان، سعید شاہ، سمیع الحق، فہد خان، سلام خان، آفتاب خان، اختر منیر، صاحبزادہ امتیاز سمیت دیگر کنٹریکٹرز شریک ہوئے۔ اجلاس کے دوران متفقہ طور پر “ہنگو انصاف کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن” کے نام سے نئی تنظیم کے قیام کا اعلان کیا گیا۔ شرکاء کی باہمی مشاورت سے سینئر کنٹریکٹر حاجی گل صاحب شاہ کو صدر جبکہ نور کریم اورکزئی کو جنرل سیکرٹری منتخب کیا گیا۔ اجلاس میں تمام کنٹریکٹرز نے متفقہ طور پر صدر اور جنرل سیکرٹری کو تنظیمی ڈھانچہ مکمل کرنے اور مزید عہدیداران کے تقرر کے اختیارات دے دیے۔ اس موقع پر نومنتخب صدر حاجی گل صاحب شاہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کنٹریکٹرز کا اعتماد کرنے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہنگو انصاف کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کے قیام کا بنیادی مقصد مقامی کنٹریکٹرز کے حقوق کا تحفظ، درپیش مسائل کا حل اور ناانصافی کے خلاف موثر آواز بلند کرنا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مقامی ٹھیکیداروں کے ساتھ کسی قسم کی زیادتی یا ناانصافی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور کنٹریکٹرز کے جائز حقوق کے لیے قانونی و آئینی دائرے میں رہتے ہوئے ہر ممکن جدوجہد کی جائے گی۔ اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ تنظیم کو فعال، مضبوط اور منظم بنانے کے لیے باقاعدگی سے اجلاس منعقد کیے جائیں گے۔ آخر میں شرکاء نے اتحاد و اتفاق برقرار رکھنے اور تنظیم کے فیصلوں پر مکمل عمل درآمد کے عزم کا اظہار کیا۔