جنوبی وزیرستان لوئر (نمائندہ مانند) وانا پولیس لائن میں پولیس اہلکار شہید زاہد اللّٰہ وزیر کی نمازِ جنازہ پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی۔ نمازِ جنازہ میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جنوبی وزیرستان لوئر طاہر شاہ ، ڈپٹی کمشنر مسرت زمان ، اسسٹنٹ کمشنر رضوان برکی ، کمانڈنٹ سکاؤٹس فورس طاہرخان ، ڈی ایس پی سرکل اصغر علی شاہ ، مقامی یونٹ آفیسر میجر عادل سمیت اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔اس موقع پر پولیس اور پاک فوج کے افسران نے شہید زاہد اللّٰہ وزیر کی عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کے جسدِ خاکی پر پھولوں کی چادریں اور گلدستے رکھے۔ نمازِ جنازہ میں پولیس افسران و اہلکاروں، سول انتظامیہ کے نمائندوں اور شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔جنازے کے اختتام پر شہید کو پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ سلامی دی گئی اور وطنِ عزیز کے لیے ان کی لازوال قربانی کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہداء کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی اور قوم ہمیشہ اپنے شہداء کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی رہے گی۔ شہداء قوم کا فخر اور ملک کی عزت و وقار کی علامت ہیں۔