بریکوٹ(مانند نیوز) بریکوٹ بازار میں رکشہ مافیا کے بے قابو پھیلاؤ، تجاوزات کی بھرمار اور انتظامیہ کی خاموشی نے ٹریفک نظام کو مکمل طور پر مفلوج کر کے رکھ دیا ہے۔ شہریوں، تاجروں اور راہگیروں کا کہنا ہے کہ بازار میں اس وقت شدید بدنظمی پائی جاتی ہے جبکہ متعلقہ ادارے صورتحال پر قابو پانے میں مکمل طور پر ناکام دکھائی دیتے ہیں۔اطلاعات کے مطابق بریکوٹ بازار میں تقریباً 380 سے زائد رکشے بغیر کسی مؤثر نگرانی کے چل رہے ہیں، جن میں بڑی تعداد کم سن اور غیر تربیت یافتہ ڈرائیوروں کی ہے۔ یہ ڈرائیور ٹریفک قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی کرتے ہوئے اوور اسپیڈنگ، پریشر ہارن، فلیش لائٹس اور بغیر لائسنس رکشے چلانے جیسے خطرناک عمل میں ملوث ہیں جس سے شہریوں کی جانیں دائو پر لگ چکی ہیں۔مقامی ذرائع کے مطابق دیگر اضلاع سے آنے والے افراد نے رکشہ چلانے کو ذریعہ معاش تو بنا لیا ہے مگر ڈرائیونگ کے بنیادی اصولوں سے ناواقفیت کے باعث سڑکوں پر خطرناک صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ ڈرائیور سڑکوں پر دندناتے پھرتے ہیں اور کسی قانون کو خاطر میں نہیں لاتے۔دوسری جانب مینہ بازار کے مختلف راستوں پر تجاوزات کی بھرمار نے عوام کے لیے پیدل چلنا بھی محال کر دیا ہے۔ عید الفطر کی خریداری کے پیش نظر دکانداروں نے اپنی دکانوں کا سامان سڑکوں تک پھیلا دیا ہے جبکہ ہتھ ریڑھی بانوں نے بھی راستے بند کر کے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ تحصیل میونسپل اتھارٹی (TMA) صرف رکشہ اڈوں سے اڈہ ٹیکس وصول کرنے تک محدود ہو چکی ہے جبکہ بازار میں نظم و ضبط قائم کرنے کے لیے کوئی مؤثر اقدامات نظر نہیں آ رہے۔ اس حوالے سے ٹی ایم او بریکوٹ امداد خان کا کہنا ہے کہ تجاوزات کے خلاف کارروائی کے لیے وہ ہر وقت تیار ہیں اور اسسٹنٹ کمشنر بریکوٹ کی ہدایات ملتے ہی فوری ایکشن لیا جائے گا۔ادھر ٹریفک افسر بریکوٹ اسماعیل خان نے موقف اختیار کیا کہ ٹی ایم اے انسپکٹر عبدالعزیز رکشوں سے باقاعدہ ٹیکس وصول کرتے ہیں اور انہیں ٹوکن جاری کرنے کا کہا گیا تھا جو تاحال جاری نہیں کیے گئے۔بازار میں جگہ جگہ قائم غیر قانونی رکشہ اسٹینڈز اور اڈے ٹریفک جام اور بدنظمی کی بڑی وجہ بن چکے ہیں جس سے شہریوں اور دکانداروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔تاجروں، شہریوں اور سماجی حلقوں نے اسسٹنٹ کمشنر بریکوٹ، ٹریفک پولیس اور ضلعی انتظامیہ سے فوری ہنگامی نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بریکوٹ بازار میں غیر قانونی اور غیر رجسٹرڈ رکشوں کے خلاف بلا امتیاز کریک ڈاؤن کیا جائے، کم سن ڈرائیوروں کو فوری طور پر سڑکوں سے ہٹایا جائے اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو اس بدترین ٹریفک بحران سے نجات دلائی جا سکے۔

By Manend Team

Manend, a top Pakistani Media can be seen on, Facebook ,Youtube, Twitter etc. Manend Media provides News in Peshawar, Kohat, Bannu, DI Khan, Mardan, Hazara , Abattablad, Malakand, Pakistan , Pakhtunkhwa in Urdu and English and Pashto Language of Latest and Breaking Nature consisting of News, Education Opinion and Entertainment

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے