پشاور(مانند نیوز ) پولیس اسٹیشن جبر مردان کے ایس ایچ او حسین اکبر خان نے پٹاخوں کی فروخت اور ہوائی فائرنگ کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی اختیار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ قانون کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پٹاخوں کی غیر قانونی فروخت اور ہوائی فائرنگ نہ صرف شہریوں کیلئے خطرناک ہے بلکہ اس سے علاقے کا امن و سکون بھی متاثر ہوتا ہے۔ایس ایچ او حسین اکبر خان کے مطابق پولیس نے اس حوالے سے خصوصی اقدامات شروع کر دیے ہیں اور ایسے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے دکانداروں کو بھی خبردار کیا کہ وہ پٹاخوں کی فروخت سے گریز کریں، بصورت دیگر ان کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں گے اور قانونی کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے اور اس مقصد کیلئے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ قانون کی پاسداری کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی یا ہوائی فائرنگ کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔