لوئر دیر (مانند نیوز) خیبر نیوز کے ڈسٹرکٹ رپورٹر صحافی محمد اسرار پر نامعلوم افراد نے حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہو گئے۔ انہیں فوری طور پر چکدرہ ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ڈاکٹروں کے مطابق ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ واقعے کے مطابق نامعلوم شخص نے محمد اسرار کے گھر کا دروازہ کھٹکھٹایا، جیسے ہی وہ باہر نکلے تو حملہ آوروں نے ان پر تشدد کیا اور فرار ہو گئے۔ دوسری جانب لوئر دیر کی صحافتی برادری نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔جماعت اسلامی خیبرپختونخوا شمالی کے سیکرٹری اطلاعات انجینئر یعقوب الرحمن نے بھی صحافی محمد اسرار پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ کھلی بدمعاشی ہے اور لوئر دیر کی سرزمین پر ایسے واقعات ناقابل برداشت ہیں۔ انہوں نے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا کہ حملے میں ملوث عناصر کو بے نقاب کر کے فوری طور پر گرفتار کیا جائے۔