بریکوٹ (مانند نیوز) بریکوٹ بازار میں تجاوزات کے خلاف حالیہ آپریشن بری طرح ناکام ہونے پر عوامی حلقوں نے بریکوٹ انتظامیہ اور ٹی ایم اے بریکوٹ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ میڈیا رپورٹس اور عوامی شکایات کے باوجود انتظامیہ کی ناقص حکمت عملی ایک بار پھر کھل کر سامنے آگئی، جہاں آپریشن ختم ہوتے ہی بازار میں دوبارہ تجاوزات قائم ہو گئیںتفصیلات کے مطابق ہتھ ریڑھیوں، دکانداروں اور رکشہ ڈرائیورز نے سرعام فٹ پاتھوں اور سڑکوں پر قبضہ جما لیا، جس سے پیدل چلنے والوں اور ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے کیے جانے والے ایسے وقتی اور نمائشی آپریشنز صرف فوٹو سیشن تک محدود ہوتے ہیں اور عملی طور پر ان کا کوئی دیرپا اثر نظر نہیں آتا۔عوامی حلقوں نے الزام عائد کیا کہ بریکوٹ انتظامیہ اور ٹی ایم اے بریکوٹ تجاوزات کے خاتمے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں اور ان کی عدم دلچسپی اور غفلت کی وجہ سے بازار کا نظام درہم برہم ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر سنجیدہ اور بلا امتیاز کارروائی نہ کی گئی تو صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے۔سماجی حلقوں نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر ایک جامع اور مستقل حکمت عملی اپنائی جائے، روزانہ کی بنیاد پر نگرانی کا مؤثر نظام قائم کیا جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے تاکہ بریکوٹ بازار کو تجاوزات سے مکمل طور پر پاک کیا جا سکے اور عوام کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ممکن ہو۔